کنزرویشن پر قواعد و ضوابط کے مطابق کام کیا جائے گا تاکہ چوبرجی کی تاریخی حیثیت قائم و دائم رہے‘عبداﷲ خان سنبل

سول سوسائٹی کو بھی اس پر اعتماد میں لیا جائے گا اور ان سے ڈیجیٹل سکیننگ و دیگر اقدامات کا تبادلہ کیا جائے گا‘کمشنر لاہور ڈویژن

بدھ 13 جنوری 2016 20:26

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔13 جنوری۔2016ء ) کمشنر لاہور ڈویژن عبداﷲ خان سنبل کی زیر صدارت اجلاس میں چوبرجی کے متعلق تمام معلومات کو محفوظ کرنے کے لیے تیار کردہ ڈیجیٹل سکیننگ ویڈیو پیش کی گئی جوکہ تاریخی یادگار چوبرجی کی بحالی کے لیے عالمی معیار کے مطابق پہلے مرحلے میں ایک پرائیویٹ ایجنسی کی مدد سے تیار کی گئی تھی- اجلاس کو بتایا گیا کہ اگلے مرحلہ میں چوبرجی کی لینڈ اسکیپنگ کو بہتر بنانے اور کنزرویشن پر کام کیا جائے گا- کمشنر لاہور ڈویژن عبداﷲ خان سنبل نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کنزرویشن پر قواعد و ضوابط کے مطابق کام کیا جائے گا تاکہ چوبرجی کی تاریخی حیثیت قائم و دائم رہے- انہوں نے کہا کہ انتظامیہ اورنج لائن روٹ کے حوالے سے تاریخی مقامات و لاہور کی دیگر تاریخی جگہوں کو محفوظ بنانے کے لیے جو کاوشیں کر رہی ہے سول سوسائٹی کو بھی اس پر اعتماد میں لیا جائے گا اور ان سے ڈیجیٹل سکیننگ و دیگر اقدامات کا تبادلہ کیا جائے گا- ڈی سی او لاہور کیپٹن (ر) محمد عثمان نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ گلابی باغ، مزار دائی انگہ، موج دریامزار، کری باغ، ہائیڈرالک ٹینک شالامار باغ کے حوالے سے ضلعی انتظامیہ نے اپنا ہوم ورک مکمل کر لیا ہے جبکہ لکشمی مینشن سمیت دیگر عمارات پر ’’دلکش لاہور کمیٹی‘‘ کی آراء کی روشنی میں ماضی کی طرح کام کیا جائے گا-کمشنر لاہور ڈویژن عبداﷲ خان سنبل کی زیر صدارت چوبرجی و دیگر تاریخی مقامات کے حوالے سے آج ہونے والے اجلاس میں ڈی سی او لاہور کیپٹن (ر) محمد عثمان کے علاوہ محکمہ آثارِ قدیمہ ، پی ایچ اے، والڈ سٹی لاہور اتھارٹی کے افسران اور ٹروجن ایجنسی کے ذمہ داران نے شرکت کی-

متعلقہ عنوان :