دہشت گرد خطے میں امن کو تباہ کرنا چاہتے ہیں، ان کے خلاف مزید کارروائیوں کی ضرورت ہے،افغانستان اور کوئٹہ حملوں میں بھارتی ہاتھ کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا

جمعیت علما پاکستان کے مرکزی صدر پیر اعجاز احمد ہاشمی کی میڈیا سے گفتگو افغانستان میں پاکستانی قونصل خانے ، کوئٹہ میں پولیو سنٹر پر حملے کی مذمت

بدھ 13 جنوری 2016 20:38

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔13 جنوری۔2016ء ) جمعیت علما پاکستان کے مرکزی صدر پیر اعجاز احمد ہاشمی نے افغانستان میں پاکستانی قونصل خانے اور کوئٹہ میں پولیو سنٹر پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گرد خطے میں امن کو تباہ کرنا چاہتے ہیں۔ ان کے خلاف مزید کارروائیوں کی ضرورت ہے۔ دونوں حملوں میں ہندوستانی ہاتھ کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پیر اعجاز ہاشمی نے کہا کہ افغانستان میں قونصل خانے اور کوئٹہ میں ہونیوالے دونوں حملوں کا ذمہ دار بھارت ہے۔

(جاری ہے)

جس نے پاکستان کے خلاف تقسیم برصغیر سے ہی جنگ شروع کررکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی عسکری اور سول بیوروکریسی پاکستان کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے میں رکاوٹیں ڈال رہی ہے۔ جبکہ سیاسی قیادت ان کی یرغمال بن چکی ہے۔

جب تک کشمیر کا مسئلہ حل نہیں ہوتا، ہندوستان کے ساتھ تعلقات معمول پر نہیں لائے جاسکتے۔ا ن کا کہنا تھا کہ میاں نواز شریف کو پٹھانکوٹ کی تحقیقات کے ساتھ اب ان دو واقعات کا بھی نوٹس لینا چاہیئے اور متعدد بار وزارت داخلہ کہہ چکی ہے کہ بلوچستان میں بھارتی مداخلت کے ثبوت موجود ہیں۔ تو انہیں منظر عام پر کیوں نہیں لایا جاتا۔