ترکی میں پولیس اسٹیشن پر بم حملہ، 39 افراد زخمی

Fahad Shabbir فہد شبیر جمعرات 14 جنوری 2016 10:29

ترکی میں پولیس اسٹیشن پر بم حملہ، 39 افراد زخمی

انقرہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14جنوری۔2016ء) استنبول کے بعد ترکی کے صوبے دیار باقر میں بھی بم دھماکے کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 39 افراد زخمی ہوگئے۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ’اے پی‘ نے ترک میڈیا کے حوالے سے بتایا ہے کہ کرد جماعت کردستان ورکرز پارٹی (پی کے کے) کے باغیوں نے بارود سے بھری گاڑی پولیس اسٹیشن سے ٹکرادی اور پھر اسے راکٹوں سے نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں سیکیورٹی اہلکاروں سمیت 39 افراد زخمی ہوئے۔

(جاری ہے)

سرکاری خبر رساں ایجنسی اناطولیہ کے مطابق حملے میں دیار باقر کے سینار ٹاؤن کے پولیس اسٹیشن کو نشانہ بنایا گیا، جس سے پولیس اسٹیشن کو بھی شدید نقصان پہنچا۔ ’اے ایف پی‘ نے ڈوگن نیوز ایجنسی کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ کار بم دھماکے اور راکٹ حملوں سے پولیس اسٹیشن کے ساتھ واقع اہلکاروں کے گھروں کو بھی نقصان پہنچا، جبکہ زخمی ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ ترکی کے ایک اور صوبے ماردین کے مدیت ٹاؤن میں بھی پولیس اسٹیشن پر راکٹوں سے حملہ کیا گیا، تاہم وہاں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔