شیو سیناکی دھمکیاں رائیگاں،غلام علی کا کلکتہ میں کانسرٹ

جمعرات 14 جنوری 2016 12:01

شیو سیناکی دھمکیاں رائیگاں،غلام علی کا کلکتہ میں کانسرٹ

کلکتہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔14 جنوری۔2016ء)پاکستانی غزل گائیک غلام علی نے آخرکار ہندوستانی شہر کلکتہ میں اپنے فن کا جادو جگا دیا جس سے پاکستانی فنکاروں کی ہندوستان جانے کی راہیں ہموار ہوتی نظر آرہی ہیں-یاد رہے کہ غلام علی کا دورہ ہندوستان گذشتہ برس شیو سینا کی دھمکیوں کے باعث منسوخ ہوگیا تھا۔گلف نیوز کے مطابق غزل گائیک غلام علی نے کانسرٹ کے آغاز میں سب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا اور کہا ’ میں 30 سال بعد کلکتہ آیا ہوں، لیکن مجھے ایسا محسوس ہو رہا ہے جیسے میں 50 سال بعد یہاں آیا ہوں۔

ان کا مزید کہنا تھا ’حال ہی میں ہونے والے واقعات پر میرا دل بہت اداس تھا مگر آج اس اداسی کا خاتمہ ہوگیا۔انہوں نے مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بینرجی کا شکریہ ادا کیا اور ان کو ’سرسوتی‘ کہہ کر پکارا، غلام علی کا کہنا تھا، ’ممتا بینرجی نے امن کی دیوی کا کردار ادا کیا ہے اور ہمیں یہاں بلانے کے حق میں بات کی، وہ ہمارے لیے سرسوتی ہیں۔

(جاری ہے)

غلام علی نے اس کانسرٹ میں اپنے بیٹے عامر کے ہمراہ پرفارم کیا۔کانسرٹ کے آغاز پر ممتا بینرجی نے غلام علی اور ان کے بیٹے کا استقبال کیا اور انہیں شال اور اسکارف کے تحفے کے ساتھ دوبارہ کلکتہ آنے کی دعوت بھی دی۔غلام علی نے اس سے قبل 1981 میں کلکتہ کا دورہ کیا تھا۔ہندوستان میں شدت پسندی کی حالیہ لہر کے پیش نظر گذشتہ برس 8 نومبر کو دہلی میں ہونے والا غلام علی کا کنسرٹ منسوخ کیا گیا،جس کے بعد شیو سینا کی دھمکیوں کے بعد غلام علی کا 9 اکتوبر کو ممبئی میں ہونے والا کنسرٹ بھی منسوخ کر دیا گیا تھا۔

شدت پسند ہندو تنظیم کا کہنا تھا کہ ایسے میں جب ہمارے فوجی مر رہے ہوں، ہم پاکستان کے ساتھ ثقافتی تعلقات نہیں رکھ سکتے۔شیو سینا کی دھمکیوں پر کنسرٹ کی منسوخی کے بعد غلام علی نے مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ اب وہ ہندوستان میں پرفارم نہیں کریں گے۔جس کے بعد ممتا بینرجی نے غلام علی کو کلکتہ میں کنسرٹ کی دعوت دی تھی-