منفرد شاعر احمد فراز کا85واں یوم پیدائش منایا گیا

جمعرات 14 جنوری 2016 12:13

منفرد شاعر احمد فراز کا85واں یوم پیدائش منایا گیا

جہانیاں(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔14 جنوری۔2016ء) اردو ادب کے منفرد شاعر احمد فراز کا85واں یوم پیدائش 14جنوری جمعرات کو منایا گیااس سلسلے میں ملک بھر کے ادبی حلقوں میں مختلف تقریبات منعقد کی گئیں جن میں ان کے مداحوں کی جانب سے سالگرہ کے کیک کاٹے گئے جبکہ مقررین نے خطاب کرتے ہوئے احمد فراز کی شاعری اور ان کی ادبی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔

احمد فراز 14جنوری 1931ء کو صوبہ سرحد کے خوبصورت شہر نوشہرہ میں پیدا ہوئے تھے ان کا اصل نام سیدّ احمد شاہ تھا جبکہ احمد فراز ان کا تخلص تھا ان کے مجموعہ کلام میں ” تنہا تنہا ،درد آشوب ،نایافت ،بے آواز گلی کوچوں میں،پس انداز موسم،خواب گل پریشاں ہیں جیسی خوبصورت کتب کو بے پناہ پزیرائی حاصل ہوئی۔ ان کے کلام کو نوجوان نسل میں بے پناہ مقبولیت حاصل ہے ان کے خوبصورت کلام کو گا کر بہت سے گلوکاروں نے بے پناہ شہرت حاصل کی مہدی حسن کی آواز میں گایا جانے والا ان کا خوبصورت کلام ” اب کے ہم بچھڑے تو شاید کبھی خوابوں میں ملیں ،جس طرح سوکھے ہوئے پھول کتابوں میں ملیں “ آج بھی زبان زد عام ہے۔

(جاری ہے)

احمد فراز کو آدم جی ادبی ایوارڈ،اباسین ایوارڈ،بھارت کی جانب سے فراق گورکھ پوری ایوارڈ،ٹا ٹا ایوارڈ اور کینڈا کی جانب سے اکیڈمی آف اردو لٹریچر ایوارڈ ،ستارہ امتیاز،ہلال امتیاز،دھنک ایوارڈ، ملینیم ایوارڈ امریکہ،ڈاکٹر اقبال ایوارڈسمیت بہت سے ملکی و غیر ملکی ایوارڈ ز و اعزازات کے ساتھ نوازا جا چکا ہے ان کی خوبصورت شاعری کا موازنہ علامہ اقبال اور فیض احمد فیض کی شاعری کے ساتھ کیا جاتا ہے وہ بلامبالغہ سابقہ صدی کے عظیم شاعر تھے ان کی شاعری کے انگریزی،فرانسیسی،ہندی،روسی ،جرمن،یوگو سلاوی اور پاکستان کی متعدد علاقائی و صوبائی زبانوں میں تراجم شائع ہو چکے ہیں احمد فراز کا انتقال25اگست 2008ء کو ہوا تھا ۔