سابق کرکٹرز کا انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد پی سی بی چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد سے ملاقات

جمعرات 14 جنوری 2016 12:18

سابق کرکٹرز کا انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد پی سی بی چیف آپریٹنگ ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔14 جنوری۔2016ء) پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) نے ماسٹرز چمپیئنز لیگ میں حصہ لینے کے لیے رانا نویدالحسن سمیت تین کھلاڑیوں کو اجازت نامے جاری کردیئے۔پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق آل راوٴنڈر نویدالحسن، وکٹ کیپر ہمایوں فرحت اور فاسٹ باوٴلر محمد خلیل نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے پی سی بی کو تحریری طور پر آگاہ کردیا ، کرکٹرز نے لاہور میں پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد سے ملاقات کی جس کے بعد انہیں این او سی جاری کردیاگیا۔

(جاری ہے)

پی سی بی کے مطابق اجازت نامہ لینے والے کھلاڑیوں پر ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے پر کوئی پابندی نہیں ہوگی۔اس سے قبل لیگ میں شرکت کے لیے این او سی نہ ملنے پر کئی کھلاڑیوں کی جانب سے تحفظات کا اظہار کیا گیا تھا جس کے بعد پی سی بی نے اپنے اعلامیے میں واضح کیا تھا کہ ایونٹ میں حصہ لینے کے لیے این او سی صرف ان کھلاڑیوں کو جاری کیا جائے گا جو بین الاقوامی کرکٹ سے کنارہ کشی کا اعلان کرچکے ہوں۔ماسٹرز چمپیئنز لیگ میں عالمی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے والے کھلاڑی حصہ لیں گے جنھیں 6 ٹیموں میں تقسیم کیا گیا ہے. لیگ کا آغاز 28 جنوری کو شارجہ میں ہوگا جب کہ فائنل 13 فروری کو کھیلا جائے گا۔ایونٹ کے تمام میچز دبئی اور شارجہ میں ہوں گے۔