ارکان پنجاب اسمبلی کی تنخواہوں اور مراعات میں 100سے 200 فیصد اضافے کی سفارشات تیار

جمعرات 14 جنوری 2016 15:08

ارکان پنجاب اسمبلی کی تنخواہوں اور مراعات میں 100سے 200 فیصد اضافے کی ..
لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔14 جنوری۔2016ء) ارکان پنجاب اسمبلی کی تنخواہوں اور مراعات میں 100سے 200 فیصد اضافے کی سفارشات تیار کر لی گئیں ، ہر رکن کی تنخواہ 12ہزار سے بڑھا کر 30ہزار روپے ماہانہ اورڈیلی الاونس 650سو سے بڑھا کر 1000روپے کرنے کے لیے سمری وزیر اعلی ہاؤس بھیج دی گئی۔ پنجاب اسمبلی کے ارکان کی تنخواہوں میں اضافے کی سمری تیار کرکے تنخواہ میں دس یا بیس فیصد نہیں، پورے ایک سو سے دوسو فیصد اضافے کی سفارش کی گئی ہے، سمری منظوری کے لیے وزیراعلی شہباز شریف کو ارسال کر دی گئی۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق مجوزہ اضافے کے بعد وزیراعلی کی تنخواہ 39ہزار سے بڑھ کر ایک لاکھ 20ہزار روپے جبکہ ان کا گیسٹ الاؤنس 20ہزار سے بڑھ کر 40ہزار روپے ہوجائے گا ، اسپیکر کی تنخواہ 37ہزار روپے سے بڑھ ایک لاکھ 11ہزار ہو جائے گی۔ اسی طرح ڈپٹی اسپیکر اورہرصوبائی وزیر کی تنخواہ 35ہزار سے ایک لاکھ 5ہزار کردی جائیگی ۔پنجاب کے رکن اسمبلی کی تنخواہ جوپہلے 12ہزار ہے، وہ بڑھ کر 30ہزار روپے ہوجائیگی۔ ان کا ڈیلی الاؤنس ساڑھے 6سو سے بڑھا کر 1000روپے کردیا جائیگا۔ ارکان کو ٹریولنگ الاؤنس 5روپے فی کلومیٹر ملتا تھا اب یہ 15روپے فی کلومیٹر کر دیا جائے گا۔