نیوزی لینڈ ہمیں سری لنکا سمجھنے کی غلطی نہ کرے ، وہاب ریاض

جمعرات 14 جنوری 2016 15:18

نیوزی لینڈ ہمیں سری لنکا سمجھنے کی غلطی نہ کرے ، وہاب ریاض

اسلام آباد (اردو پوا ئنٹ تازہ ترین اخبار14جنوری- 2016ء) قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر وہاب ریاض نے نیوزی لینڈ کیخلاف ٹی ٹونٹی اور ون ڈے سیریز میں بہترین کارکردگی کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم ان کے سامنے سری لنکا کی طرح آسان حریف ثابت نہیں ہوں گے بلکہ ان پربھر پور وار کریں گے ۔ اپنے ایک انٹرویو میں تجربہ کار فاسٹ باولر کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ ٹیم کو دیکھ کر لگتا ہے کہ آج کل ان کے لیے کرکٹ کھیلنا بہت آسان ہے ، ان کی بیٹنگ واقعی شاندار ہے تاہم سری لنکا کے مقابلے میں ہمارے خلاف میزبان کو مختلف چیلنج کا سامنا ہوگا کیونکہ ہمارے پاس سری لنکا کے مقابلے میں بہترین باؤلرز موجود ہیں اور ان کیخلاف رنز بنانا آسان نہیں ہوگا ۔

وہاب ریاض کے مطابق ان کی ٹیم پیچھے ہٹ کر کیویز کو اپنا کھیل نہیں کھیلنے دے گی بلکہ جوابی وار کریگی ۔

(جاری ہے)

ورلڈکپ 2015ء میں کے کوارٹر فائنل میں شین واٹسن کے خلاف یادگار باؤلنگ سپیل سے داد وصول کرنے والے پاکستانی سٹار نے کہا کہ 2010ء کی سیریز میں بھی ہم کیگروز کے دیس میں کامیاب رہے تھے جب کہ ورلڈکپ میں یہاں جتنے میچز کھیلے وہ ہمارے لیے کامیابی کا باعث بنے ۔ کیوی ٹیم کے خلاف کامیابی سے ٹیم کا حوصلہ بڑھے گا، جس طرح وہ کھیل رہے ہیں اگر ہم سیریز جیت جاتے ہیں تو پاکستان کرکٹ کے لیے یہ نیک شگون ہوگا ۔ یاد رہے کہ پاکستانی ٹیم نیوزی لینڈ کے خلاف اپنا پہلا ٹی ٹونٹی میچ 15 جنوری کو آکلینڈ میں کھیلے گی۔