وزیراعلیٰ کی زیر صدارت اجلاس ،خصوصی افراد کی فلاح وبہبود کیلئے متعدد فلاحی اقدامات کی منظوری

پنجاب حکومت نے خصوصی افراد کی فلاح وبہبود کیلئے ملک کی تاریخ کے مثالی اقدامات کیے ہیں:شہبازشریف

Umer Jamshaid عمر جمشید جمعرات 14 جنوری 2016 16:29

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔۔ آئی پی اے ۔۔ 14 جنوری۔2015ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیر صدارت میں گزشتہ روز اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا ، جس میں خصوصی افراد کی فلاح وبہبود کیلئے متعددفلاحی اقدامات کی منظوری دی گئی۔اجلاس میں خصوصی افراد کی رہنمائی کیلئے تحصیل کی سطح پر گائیڈز(Mentors)کی تعیناتی کی بھی اصولی منظوری دی گئی۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے خصوصی افراد کی فلاح وبہبود کیلئے ملک کی تاریخ کے مثالی اقدامات کیے ہیں۔

خصوصی افراد معاشرے کا اہم حصہ ہیں اورانہیں معاشرے کا مفید رکن بنانے کیلئے اقدامات جاری رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ خصوصی افراد کی بحالی اور ان کی مدد ریاست کی ذمہ داری ہے اس مقصد کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

(جاری ہے)

خصوصی افراد معاشرے کے خصوصی سلوک کے مستحق ہیں ۔پنجاب میں خصوصی افراد کی اعانت کیلئے خدمت کارڈ پروگرام کا آغاز کیاگیا ہے ۔

خدمت کارڈ کے ذریعے معذور افرا د کی مستقل بنیادوں پر مالی معاونت کی جارہی ہے ۔پنجاب بھر میں خصوصی افراد کی رجسٹریشن کا عمل جا ری ہے ۔انہوں نے کہا کہ خدمت کارڈ کے ذریعے خصوصی افراد کو1200روپے ماہانہ مالی مددفراہم کی جارہی ہے ۔معذوروں کیلئے ملازمتوں کا کوٹہ 2فیصد سے بڑھا کر3فیصد کیا جاچکا ہے ۔950نابینا افراد کو سرکاری ملازمتوں اور721اعلی تعلیم یافتہ معذور افراد کیلئے یونیورسیٹوں اورکالجوں میں نوکریوں کے مواقع پیدا کیے گئے ہیں۔

26ہزار نابیناافراد کی رجسٹریشن مکمل کی جاچکی ہے اور انہیں سرکاری ملازمتوں کیلئے عمر کی حد میں 10سال تک رعایت دی گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ نابینا افراد کی بحالی کیلئے 13اضلاع میں خصوصی مراکز قائم کیے جارہے ہیں ۔معذور افراد کیلئے مفت علاج معالجے کی سہولت کے علاوہ انہیں دوران سفر کرائے میں 50فیصد رعایت جیسے اقدامات کیے گئے ہیں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ خصوصی افراد کو معاشرے کابوجھ بننے کی بجائے انہیں معاشرے کا بوجھ باٹنے کے قابل بنانے کیلئے مثالی پروگرام جاری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خصوصی افراد کو سکل ڈویلپمنٹ پروگرام کے ذریعے ہنر مند بھی بنایا جارہا ہے ۔خصوصی افراد کی فلاح وبہبود کیلئے ضلع کی سطح پربھر پور اقدامات کیے جائیں ۔چیف ایگزیکٹو آفیسر سول پروٹیکشن اتھارٹی نے خصوصی افراد کی فلاح وبہبود کیلئے کیے گئے اقدامات بارے تفصیلی بریفنگ دی۔صوبائی وزراء آصف سعید منیس، سید ہارون احمد سلطان بخاری، ترجمان پنجاب حکومت زعیم حسین قادری،چیف سیکرٹری، متعلقہ سیکرٹریز،کمشنرو ڈی سی او لاہور،سی سی پی اواورمتعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :