حکومت ٹریکٹر انڈسٹری کے بحران کا فوری نوٹس لیتے ہوئے اسے تباہی سے بچانے کیلئے اقدامات اٹھائے ‘ شیخ محمد ارشد

جمعرات 14 جنوری 2016 16:47

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔14 جنوری۔2016ء ) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے حکومت پر زور دیا ہے کہ ٹریکٹر انڈسٹری کے بحران کا فوری نوٹس لیتے ہوئے اسے تباہی سے بچانے کے لیے اقدامات اٹھائے۔ ٹریکٹر پارٹس مینوفیکچررز کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے لاہور چیمبر کے صدر شیخ محمد ارشد نے کہا کہ ٹریکٹر انڈسٹری نہ صرف حکومت کے لیے محاصل کا اہم ذریعہ ہے بلکہ ہزاروں افراد کا بالواسطہ یا بلاواسطہ روزگار بھی اس سے وابستہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ چند سال قبل ٹریکٹر انڈسٹری کی پیداوار 70ہزار یونٹس سے زائد تھی جواب پیداواری صلاحیت سے بہت کم ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ٹریکٹرز انڈسٹری کے تحفظ کے لیے اقدامات اٹھائے تاکہ مینوفیکچرنگ کو مستحکم کیا جاسکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ٹریکٹر انڈسٹری کے لیے ریلیف پیکیج کا اعلان کرنے سے نہ صرف ٹریکٹر انڈسٹری کو تقویت ملے گی بلکہ اس سے وابستہ سینکڑوں دوسری صنعتیں بھی بحال ہونگی جبکہ ٹریکٹر کسانوں کی پہنچ میں آنے سے فی ایکڑ پیداوار بھی بڑھے گی۔

لاہور چیمبر کے صدر نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں پر زور دیا کہ وہ ٹریکٹر انڈسٹری کی بھرپور سپورٹ کرے تاکہ روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں اور معیشت کو استحکام ملے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ٹریکٹر انڈسٹری کی ہر ممکن مدد کرے گا تاکہ یہ دوبارہ اپنے پیروں پر کھڑی ہوسکے۔

متعلقہ عنوان :