اورنج لائن ٹرین منصوبہ شہریوں کیلئے وبال جان بن چکا ہے ‘ذکراللہ مجاہد

جمعرات 14 جنوری 2016 16:48

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔14 جنوری۔2016ء )امیرجماعت اسلامی لاہور ذکراللہ مجاہد نے کہا ہے کہ اورنج لائن ٹرین منصوبہ شہریوں کے لیے وبال جان بن چکا ہے ، ٹھوکر نیازبیگ سے لے کر چوبرچی چوک تک اورنج لائن ٹرین کی وجہ سے عوام کا جینا دوبھر ہو گیا ہے ۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ملتان روڈ پرجگہ جگہ کھدائی ، پانی کا کھڑاہونا اور ٹریفک کا جام ہونا عوام کی پریشانی کا باعث بن گیا ہے منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے ہوتا ہے نہ صرف ملتان روڈ بلکہ ملحقہ سڑکیں بھی بری طرح متاثرہیں ۔

انہوں نے کہاکہ اورنج لائن ٹرین منصوبو ں کی وجہ سے نہ صرف عوام پریشان ہیں بلکہ تاریخی شہر لاہور کا حسن بھی تباہ ہو گیا ہے ۔ حکمرانوں کی توجہ اور دلچسپی عوامی مسائل کے حل کی طرف نہیں ہے بلکہ اورنج لائن ٹرین جیسے بڑے منصوبوں کی طرف ہے، لگتا ہے کہ ان منصوبوں سے حکمرانوں کے مفادات جڑے ہوئے ہیں موجودہ حکمران عوام الناس کی بنیادی ضروریات کو پورا کرنے کی بجائے اورنج لائن ٹرین جیسے مہنگے منصوبے بیرونی قرضوں کی عوض عوام پر مسلط کر رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پورا لاہور مسائلستان بنا ہو ا ہے معمولی بارش کی وجہ سے پورا لاہور گندگی کا منظر پیش کرنے لگتا ہے ہر طرح ناقص سیوریج خستہ گلیاں اور جگہ جگہ گندہ پانی کاکھڑا ہو نا بے شمار پیچیدہ بیماریوں کا سبب بن رہا ہے ۔ اگر حکمران ہوش کے ناخن لیتے تو ان بڑے منصوبوں کے بجٹ سے شہریوں کو پینے کا صاف پانی ، تعلیم اور صحت جیسی سہولیات فراہم کرتے جو ان کی بنیادی ضروریات ہیں۔