حالیہ بلدیاتی انتخابات میں عوام نے مسلم لیگ (ن) پر اعتماد کیا ہے،احمد حسان

جمعرات 14 جنوری 2016 18:02

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔14 جنوری۔2016ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور بلا مقابلہ منتخب ہونے والے یوسی ناظم خواجہ احمد حسان نے کہا ہے کہ حالیہ بلدیاتی انتخابات میں لاہور کی عوام نے وزیراعظم میاں نواز شریف وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف اور پاکستان مسلم لیگ (ن) پر اعتماد کیا ہے ۔ اب ہمیں لاہور کے عوام کو ڈیلیور کرنا وگا اور عوام کو درپیش مسائل احسن طریقہ سے حل کرنے ہونگے۔

لاہور کے نومنتخب یوسی چیئرمین اور نائب چیئرمینوں کی حلف برادری کی تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ حسان نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ لاہور کا لاوڈ میئر کون ہوگا اس کا فیصلہ حکومت نے کرنا ہے۔ تاہم یہ زمہ داری جس پر بھی عائد کی گئی اس کے لیے بہت بڑا چیلنج ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ضلعی حکومت اپنے قیام کے بعد لاہور میں جاری منصوبے صاف اور شفاف طریقہ سے وقت پر مکمل کیے جائیں گے۔

شہر میں ہیلتھ اور تعلیم کے شعبوں کو پروان چڑھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ قیام کے بعد شہر میں ماڈل کلینکس اور ماڈل سکولز بنائے جائیں گے۔ تعلیم اور صحت پر بھرپور توجہ دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ لاہور کے ایوان کو مضبوط بنایا جائے گا۔ یوسی چیئرمینوں کو ہدف دیئے جائیں گے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ قانون میں راستہ دیا گیا ہے کہ یوسی چیئرمینوں ، وائس چیئرمین کونسلروں کو اعزازیہ دیا جائے تاہم اس بات کا فیصلہ بلدیہ عظمیٰ لاہور کا ایوان کرے گا۔(عزیز ملک)