Live Updates

’’باتیں ،باتیں اورصرف باتیں ‘‘ عمران خان کا سیاسی منشور ہے‘ ترجمان پنجاب حکومت

عوام کام کرنے والوں اور باتیں بنانے والو ں میں فرق خوب جانتے ہیں ،عوام نے دھرنا پارٹی کو مسترد کر دیا اورنج لائن میٹرو ٹرین پر تنقید کر کے عمران خان سیاست چمکانے کی کوشش کر رہے ہیں‘ زعیم حسین قادری کا تبصرہ

جمعرات 14 جنوری 2016 20:41

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔14 جنوری۔2016ء) ترجمان پنجاب حکومت سید زعیم حسین قادری نے کہا ہے کہ بے جا تنقید اور الزام تراشی عمران خان کا وطیرہ بن چکا ہے ،عمران خان کی سیاست مخالفین پر تنقید تک محدود ہو کر رہ گئی ہے، عوام نے دھرنا پارٹی کی لیڈر شپ کی طرز سیاست کو مسترد کر دیا۔

(جاری ہے)

عمران خان اور پرویز الہی کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے سید زعیم حسین قادری کہا کہ باشعور عوام عمران خان کی لچھے دار گفتگو کا کوئی اثر نہیں لیتے-باتیں ،باتیں اورصرف باتیں یہی عمران خان کا سیاسی منشور ہے-عوام کام کرنے والوں اور باتیں بنانے والوں میں فرق خوب جانتے ہیں -پنجاب پولیس پر تنقید کرنے والے کے پی کے کے بلدیاتی انتخابات میں پولیس کی مداخلت دیکھ چکے ہیں-اورنج لائن میٹرو ٹرین پر تنقید کر کے عمران خان سیاست چمکانے کی کوشش کر رہے ہیں-قبل ازیں سید زعیم حسین قادری نے پرویز الہی کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ پرویز الہی دور کے منصوبے کرپشن ،گھپلوں اور اقربا پروری سے بھر پور تھے-وہ اپنی مردہ سیاست چمکانے کی کوشش کر رہے ہیں ان کی سیاست ختم ہو چکی ہے-رنگ روڈ کا منصوبہ بھی پرویز الہی حکومت کی بد انتظامی اور اقربا پروری کا شکار تھا-چوہدری برادران کے دور میں میرٹ کا بری طرح قتل عام کیا گیا-ترجمان پنجاب حکومت نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت کی شفافیت کی گواہی غیر ملکی ادارے بھی دیتے ہیں-شفافیت اور گڈ گورننس مسلم لیگ (ن) کی حکومت کا طرہ امتیاز ہے -انہوں نے مزیدکہا کہ شہباز شریف کی موجودگی میں میرٹ کی خلاف ورزی ممکن ہی نہیں ہے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات