اینٹی وہیکل لفٹنگ سٹاف سٹی کی کاروائی کار چورگینگ کا سرغنہ 2ساتھیوں سمیت گرفتار ،چوری شدہ4 کاریں اوراسلحہ برآمد

جمعرات 14 جنوری 2016 21:17

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔14 جنوری۔2016ء ) اینٹی وہیکل لفٹنگ سٹاف سٹی نے کار چوری کی وارداتوں میں ملوث بین الاضلاعی عامی کار چورگینگ کے سرغنہ کو 2ساتھیوں سمیت گرفتار کر کے ان کی نشاندہی پرلاکھوں روپے مالیت کی چوری شدہ4 کاریں ماسٹر کیز اور ناجائز اسلحہ برآمد کر لیا ہے۔تفصیلات کے مطابق کارچوری کی وارداتوں کی روک تھام اور ان میں ملوث ملزموں کی گرفتاری کیلئے کیپٹن (ر) محمد امین وینس کی ہدایات پر ایس ایس پی انویسٹی گیشن حسن مشتاق سکھیرا نے ایس پی اے وی ایل ایس ملک محمداویس کی سربراہی میں مختلف پولیس ٹیموں کوکار و موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں میں ملوث گروہوں کی گرفتاری کا ہدف دیا۔

ڈی ایس پی اینٹی وہیکلز لفٹنگ سٹاف سٹی آفتاب احمد پھلر وان کی سربراہی میں انچارج اینٹی وہیکل لفٹنگ سٹاف سٹی سب انسپکٹر عبدالعزیز اور دیگر اہلکاروں پر مشتمل پولیس ٹیم نے جدید ٹیکنالوجی اور دیگر ذرائع سے حاصل ہونے والی معلومات کی روشنی میں ریڈ کر کے بین الاضلاعی عامی کار چور گینگ کے سرغنہ محمد عامر عرف عامی اور اس کے 2ساتھیوں ناصر منیر اور جاوید لطیف کو گرفتار کر کے ان سے لاکھوں روپے مالیت کی چوری کی گئی 4کاریں، ماسٹر کیزاور ناجائز اسلحہ برآمد کیا ہیں۔

(جاری ہے)

ملزمان اپنے طریقہ واردات میں تجارتی مراکز پلازوں، گھروں اور پارکنگ اسٹینڈز کے باہر کھڑی گاڑیوں کو ماسٹر کیز کے ذریعے کھول کرفرار ہو جاتے تھے اور علاقہ غیر لے جا کراُونے پونے داموں فروخت کر دیتے تھے۔ دوران تفتیش ملزموں نے لاہور کے مختلف تھانوں کے علاوہ ضلع اوکاڑہ کی حدود سے کار چوری کی درجنوں مزیدوارداتوں کا انکشاف کیا ہے۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ ملزمان ریکارڈ یافتہ ہیں اور اس سے قبل بھی کار چوری کے مقدمات میں کئی مرتبہ جیل جا چکے ہیں جو رہا ہوتے ہی دوبارہ وارداتیں شروع کر دیتے تھے۔ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سلطان احمدچوہدری نے ملزموں کی گرفتاری پر پولیس ٹیم کیلئے نقد انعامات اور تعریفی اسناد کا اعلا ن کیا ہے ۔