پہلا ٹی ٹونٹی ، پاکستان نے نیوزی لینڈ کو جیت کے لیے 172رنز کا ہدف دیدیا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 15 جنوری 2016 12:41

پہلا ٹی ٹونٹی ، پاکستان نے نیوزی لینڈ کو جیت کے لیے 172رنز کا ہدف دیدیا

آکلینڈ (اردو پوا ئنٹ تازہ ترین اخبار15جنوری- 2016ء) نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹی ٹونٹی مقابلے میں پاکستان نے پہلے بلے باز ی کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کو جیت کے لیے 172رنز کا ہدف دیا ہے ۔ ایڈن پارک آکلینڈ میں جاری میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کرپاکستان کو پہلے بلے بازی کی دعوت دی ، اوپنر محمد حفیظ اور احمد شہزاد نے ٹیم کو 33رنز کا آغاز فراہم کیا جس کے بعد احمد شہزاد 16رنز بنا کر ملنے کی گیند پر ایلیٹ کے ہاتھوں جکڑے گئے ۔

صہیب مقصود اپنا کھاتہ کھولے بغیر لیفٹ آرم سپنر سینٹر کی گیند پر وکٹ کیپر رونچی کے ہاتھوں جکڑے گئے ۔ سابق کپتان شعیب ملک نے حفیظ کے ساتھ مل کر تیسری وکٹ کے لیے 26رنز کا اضافہ کیا ، شعیب ملک 20رنز بنا کر سینٹر کی گیند پر ایلیٹ ہی ہاتھوں جکڑے گئے ۔ محمد حفیظ نے 36گیندوں پر نیوزی لینڈ کے خلاف کیریئر کی پہلی نصف سنچری مکمل کی ، وہ 61رنز کی باری کھیل کر ملنے کی گیند پر ایسٹل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے ۔

(جاری ہے)

کپتان شاہد آفریدی اور عمر اکمل نے سکور میں تیزی سے اضافہ کرتے ہوئے ٹوٹل 146تک پہنچایا تاہم اس موقع پر آفریدی 8گیندوں پر 23بنا کر پوویلین لوٹ گئے ۔ عمر اکمل نے بھی اپنی روایت برقرار رکھتے ہوئے مشکل وقت میں ٹیم کا ساتھ چھوڑا اور 24رنز بنا کر پوویلین لوٹ گئے ۔عماد وسیم 18اور سرفراز احمد 2رنز بنا کر پوویلین لوٹے جبک وہاب ریاض 2اور عمر گل 1رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے اور پاکستان نے مقررہ 20اوورز میں 8وکٹیں کھو کر 171رنز بنائے ۔ محمد حفیظ 61،آفریدی 24، عمر اکمل 23اور شعیب ملک 20رنز کیساتھ نمایا ں بلے باز رہے ۔