آسٹریلیا نے دوسرے ون ڈے میں بھارت کو 7 وکٹوں سے شکست دیکر 5 میچوں کی سیریز میں 2-0 کی برتری حاصل کرلی

جمعہ 15 جنوری 2016 19:31

آسٹریلیا نے دوسرے ون ڈے میں بھارت کو 7 وکٹوں سے شکست دیکر 5 میچوں کی سیریز ..

برسبین(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔15 جنوری۔2016ء) آسٹریلیا نے دوسرے ون ڈے میں بھارت کو باآسانی 7 وکٹوں سے شکست دے کر 5 میچوں کی سیریز میں 2-0 کی برتری حاصل کرلی،آسٹریلیا نے 309رنز کا ہدف 49اوورز میں 3وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔آسٹریلیا کی جانب سے ایرون فنچ اور شان مارش 71، 71 ، سٹیون سمتھ 46اور جارج بیلی نے 76 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے ،بھارت کی جانب سے آیشانت شرما ،یومیش یادواور رویندرا جدیجہ نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

بھارت کے روہت شرما کو میچ میں 124رنز بنانے پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا،دونوں ٹیموں کے مابین تیسرا ون ڈے (کل)اتوار کو کھیلا جائے گا ۔تفصیلات کے مطابق جمعہ کوبرسبین کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں ہندوستان کے کپتان مہندراسنگھ دھونی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

(جاری ہے)

پہلے میچ کی شکست خوردہ ہندوستان ٹیم کی اوپننگ ایک بار پھر ناکام ہوئی، شیکھر دھون 6 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو ٹیم کا اسکور صرف 9 رنز تھا تاہم گزشتہ میچ کی طرح اس بار بھی ویرات کوہلی اور روہت شرما کی جوڑی نے آسٹریلیا کیلئے مشکلات کھڑی کیں.دونون ں نے دوسری وکٹ کی شراکت میں اسکور کو 134 رنز تک پہنچا دیا، کوہلی 59 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے جس کے بعد اجنکیا راہانے اور شرما کے درمیان 121 رنز کی شراکت قائم ہوئی تاہم پہلے میچ میں 171 رنز کی اننگز کھیلنے والے روہت شرما دوسرے میچ میں 124 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔

روہیت شرما نے 124 رنز کی اننگز میں 11 چوکے اور 3 چھکے لگائے۔کپتان دھونی کی اننگ 11 رنز تک محدود رہی لیکن دوسرے اینڈ پر موجود راہانے نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 89 رنزبنائے۔ہندوستان نے مقررہ اوورز میں آٹھ وکٹ کے نقصان پر 308 رنز بنائے، آسٹریلیا کی جانب سے جیمز فالکنر نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔تاہم میزبان آسٹریلیا نے گزشتہ میچ کے برعکس اس بار زیادہ پراعتماد طریقے سے ہدف کا تعاقب شروع کیا اور ایرون فنچ اور شان مارش پر مشتمل اوپننگ جوڑی نے 25 اوورز میں ٹیم کو 145 رنز کا آغاز فراہم کیا۔

ایرون فنچ اور شان مارش 71، 71 رنز بنا کر میدان بدر ہوئے لیکن آنے والے بلے بازوں نے بھی ذمے داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہندوستان کو میچ میں آنے کا کوئی موقع فراہم نہ کیا۔کپتان اسمتھ نے آسٹریلیا کا اسکور 244 رنز تک پہنچایا تاہم وہ 4 رنز کے فرق سے نصف سنچری نہ بنا سکے اور امیش یادو کو وکٹ دے بیٹھے.پہلے میچ میں شاندار سنچری بنانے والے جارج بیلی نے ناقابل شکست 76 کی اننگز کھیل کر ٹیم کی جیت کو یقینی بنایا جبکہ میکسویل نے 19 رنز بنا کر ان کا بھرپور ساتھ دیا۔

آسٹریلیا نے ایک اوور قبل ہی تین وکٹوں کے نقصان پر 309 رنز کا ہدف حاصل کر لیا۔لگاتار دوسرے میچ میں سنچری بنانے والے ہندوستانی بلے باز روہت شرما کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔دوسرے میچ میں فتح کے ساتھ ہی آسٹریلیا نے سیریز میں 2-0 سے برتری حاصل کر لی ہے جبکہ سیریز کا تیسرا میچ 17 جنوری کو میلبورن میں کھیلا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :