مسلم حکمران ایران سعودی کشیدگی کے خاتمے کیلئے سفارتی کوششیں کریں،ملی مجلس شرعی

جمعہ 15 جنوری 2016 19:41

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔15 جنوری۔2016ء) ملی مجلس شرعی نے کہا ہے کہ مسلم حکمران ایران سعودی کشیدگی کے خاتمے کیلئے سفارتی کوششیں کریں۔ مسلم ممالک کے تنازعات کے حل کیلئے اسلامی سربراہی کانفرنس طلب کیا جائے۔ سعودی قیادت میں قائم ہونے والا عالمی عسکری اتحاد ملت اسلامیہ پر مسلط کی جانے والی جنگوں کا حل ہے ۔ عالم اسلام کو نوجوان نسل کی رہنمائی کیلئے فکری اتحاد بھی قائم کرنا چاہیے ۔

پاکستان میں تمام مذاہب اور مکاتب فکر مشترکہ طور پر انتہاء پسندی اور دہشت گردی کے خلاف جدوجہد کر رہے ہیں اور کسی گروہ یا طبقے کو یہ اجازت نہیں دی جا سکتی کہ وہ فرقہ وارانہ تشدد اور نفرت کی فضا ء کو قائم کرے ۔ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز ملی مجلس شرعی کے مفتی محمد خان قادری، پروفیسرڈاکٹر محمد امین، حافظ عاکف سعید، علامہ محمود احمد قصوری سمیت دیگر نے ایک اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ ایران اور سعودی کشیدگی کی وجہ سے پورے عالم اسلام میں اضطراب ہے اس لئے مسلم حکمران دو اسلامی ممالک کے سفارتی تعلقات بحال کروانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ مشرق وسطی سمیت پورے عالم اسلام میں پھیلتی فرقہ واریت کو روکنے کیلئے مشترکہ کوششیں کی جائیں۔ اسلامی ممالک ایک دوسرے کے معاملات میں مداخلت نہ کرنے کا معاہدہ کریں۔ عالم اسلام کا اتحاد ہی امت کے مسائل کا حل ہے۔