آسٹریلوی ٹیم نے برسبین سٹیڈیم پر ون ڈے میچ میں بڑا ہدف حاصل کر کے نیا ریکارڈ قائم کر دیا

جمعہ 15 جنوری 2016 21:10

آسٹریلوی ٹیم نے برسبین سٹیڈیم پر ون ڈے میچ میں بڑا ہدف حاصل کر کے نیا ..

برسبین ۔ 15 جنوری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔15 جنوری۔2016ء) آسٹریلوی ٹیم نے برسبین سٹیڈیم میں ون ڈے کرکٹ میچ میں بڑا ہدف حاصل کر کے نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔ کینگروز نے بھارت کے خلاف دوسرے ایک روزہ میچ میں 309 رنز کا ہدف حاصل کر کے یہ سنگ میل عبور کر کے اپنا ہی سابقہ ریکارڈ توڑ ڈالا، آسٹریلیا نے 2013-14ء میں انگلینڈ کے خلاف میچ میں 301 رنز کا ہدف حاصل کیا تھا۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ یہ آسٹریلوی سرزمین پر چوتھا بڑا ہدف ہے جو کامیابی سے حاصل کر لیا گیا ہے۔ آسٹریلیا کی سرزمین پر ون ڈے میچ میں سب سے بڑا ہدف حاصل کرنے کا اعزاز بھی میزبان ٹیم کو ہی حاصل ہے، کینگروز نے 2011ء میں انگلینڈ کے خلاف 334 رنز کا ہدف حاصل کیا تھا، یہاں پر دوسرا بڑا ہدف حاصل کرنے کا اعزاز بھارت کو حاصل ہے، بھارتی ٹیم نے 2012ء میں سری لنکا کے خلاف 321 رنز کا ہدف حاصل کیا تھا۔ تیسرا بڑا ہدف بھی کینگروز نے ہی حاصل کر رکھا ہے، کینگروز نے رواں ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں بھارت کے خلاف 310 رنز کا ہدف حاصل کیا تھا۔