ایڈمن افسران تھانے کی صفائی ستھرائی، جرائم کا خاتمہ اور اشتہاریوں کی گرفتاری میں بھی معاون ثابت ہوں،سی سی پی او لاہور

جمعہ 15 جنوری 2016 21:14

لاہور۔15 جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔15 جنوری۔2016ء) سی سی پی او لاہور کیپٹن (ر) محمد امین وینس نے کہا ہے کہ ہم اس عارضی زندگی میں عوام کی خدمت کر کے اللہ تعالیٰ کے حضور سرخرو ہو سکتے ہیں۔ ایڈمن افسران کی تعیناتی کے بعد لاہور پولیس کا نیا چہرہ عوام کے سامنے آیا ہے جس میں افسران عوام کی خدمت کر کے اپنے گھر کے فرد کے طور پر ڈیل کر تے ہیں اور دعائیں لیتے ہیں۔

ایڈمن افسران لوگوں کی خدمت کے ساتھ ساتھ تھانے کی صفائی ستھرائی، جرائم کا خاتمہ اور اشتہاریوں کی گرفتاری میں بھی معاون ثابت ہوں۔ تمام ایڈمن افسران سب سے پہلے بینکوں اور سکولوں کی ڈیوٹی کی بھی نگرانی کیا کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں ایڈمن افسران کی ہفتہ وار جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف، ایس ایس پی سی آئی اے محمد عمر ورک اور ایجوکیشنسٹ ڈاکٹر محمد شہباز مرزا سمیت ایڈمن افسران نے شرکت کی۔ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف نے اپنے خطاب میں کہا کہ ایڈمن افسران تعیناتی کے بعد جس انداز سے عوام کی خدمت کر رہے ہیں وہ لاہور پولیس کیلئے باعث فخر ہیں اور ہم دعویٰ سے کہہ سکتے ہیں کہ اگرکوئی شہری اپنے مسئلہ کو ترجیحی بنیادوں پر حل کروانا چاہتا ہے یا لاہور پولیس کا نیا چہرہ دیکھنا چاہتا ہے تو وہ تھانوں میں تعینات ایڈمن افسران سے ملیں۔

فیس بُک اور واٹس ایپ کا جلد ایک گروپ بنا دیا جائے گا جس میں تمام ایڈمن افسران کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ کسی بھی شہری کی مدد کے بعد اچھے کومینٹس یا نیک تاثرات ہمیں بھجوائیں تاکہ میڈیا کے ذریعے عوام کو بتایا جاسکے کہ لاہور پولیس کس نیک نیتی اور خلوصِ دل کے ساتھ عوام کی خدمت کر رہی ہے۔ ایس ایس پی سی آئی اے محمد عمر ورک نے کہا کہ تھانوں میں لوگ ظالموں کے ستائے ہوئے آتے ہیں اور جب اُن کا ایڈمن افسران سے ملاقات کرنے کے بعد ترجیحی بنیادوں پر معاملہ حل ہوجاتا ہے تو وہ دعائیں دیتے ہوئے واپس جاتے ہیں۔

تھانوں میں مظلوموں کے ساتھ بہترین سلوک جبکہ ظالموں کی گرفت کی جاتی ہے۔ ایڈمن آفیسر ایک غریب اور مظلوم کی جب مدد کرتے ہیں تو اللہ تعالیٰ خود بخود انکی مدد فرماتا ہے، ہم نے جو وردی پہنی ہے وہ ہماری عزت اور روزی روٹی کی ضمانت ہے ہمیں اسکی عزت برقرار رکھنے کیلئے خوفِ خدا کے جذبے کے تحت سائلین کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے چاہئیں۔

کچھ ماہ پہلے پولیس افسران نے تھانہ کلچر کی تبدیلی کے حوالہ سے جو خواب دیکھا تھا آج وہ ایڈمن افسران کی تعیناتی کے بعد سچ ہوتا ہوا دیکھائی دے رہا ہے۔ ایجوکیشنسٹ ڈاکٹرمحمد شہباز مرزا نے کہا کہ مجھے آج لاہور پولیس کا چہرہ بدلنے والے ایڈمن افسران سے بات کرتے ہوئے فخر محسوس ہو رہا ہے۔ جب تک ایک پولیس آفیسر میں خوداعتمادی ، محکمانہ ہم آہنگی، ہنر، اخلاقی جرات، نتیجہ خیز کوششیں اور مستقبل کے چیلنجز کو حاصل کرنے کا خاصہ نہ ہوتو وہ پولیس آفیسر نااُمید ہوجاتا ہے۔ لاہور پولیس اپنے اور عوام کے درمیان فاصلے کم کرنے کیلئے جو اقدامات اُٹھا رہی ہے وہ انتہائی قابلِ ستائش اور قابلِ قدر ہیں۔

متعلقہ عنوان :