ٹینس کی مختلف فیڈریشنز کے فنڈز میں اضافہ کر کے 2 ارب کیا جائے، بھارت میں آئندہ ماہ ہونے والی ساؤتھ ایشین گیمز میں مڈلز جیتیں گے،سلیم سیف اللہ

جمعہ 15 جنوری 2016 21:20

ٹینس کی مختلف فیڈریشنز کے فنڈز میں اضافہ کر کے 2 ارب کیا جائے، بھارت ..

اسلام آباد ۔ 15 جنوری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔15 جنوری۔2016ء) پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر سلیم سیف اللہ نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ مختلف فیڈریشن کے فنڈز میں اضافہ کر کے 2 ارب کر دیا جائے، بھارت میں آئندہ ماہ ہونے والی ساؤتھ ایشین گیمز میں مڈلز جیتیں گے، ڈیوس کپ ٹائی کی میزبانی کیلئے بھرپور کوشش کی تاہم اس میں کامیابی حاصل نہیں ہوئی۔

وہ جمعہ کو پی ٹی ایف ٹینس کمپلیکس اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ سلیم سیف اللہ نے کہا کہ مختلف فیڈریشنوں کو حکومت کی جانب سے 90 کروڑ روپے ملتے ہیں تاہم یہ رقم فیڈریشنوں کیلئے ناکافی ہے۔ انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ فیڈریشنوں کے فنڈز میں اضافہ کر کے 2 ارب کر دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ساؤتھ ایشین گیمز میں چار مرد اور چار خواتین کھلاڑی ٹینس کے مقابلے میں پاکستان کی نمائندگی کرینگے۔

(جاری ہے)

مردوں میں اعصام الحق، عقیل خان، محمد عادل اور یاسر خان جبکہ خواتین میں سارا منصور، سارا محبوب، ایمان قریشی اور اوشنہ سہیل شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ساؤتھ ایشین گیمز میں پہلے ان کا ہدف طلائی کا تمغہ جیتنا ہے تاہم اگر اس میں کامیابی حاصل نہ کر سکے تو چاندی کا تمغہ ضرور حاصل کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں نئے کھلاڑیوں کی تلاش کیلئے اسلام آباد میں تربیتی پروگرام شروع کیا ہے اور کراچی میں بھی آئندہ ماہ سے شروع کیا جائے گا۔

سلیم سیف اللہ نے کہا کہ فیڈریشن نے چین کیخلاف ڈیوس کپ ٹائی کی میزبانی کیلئے ہر فورم استعمال کیا ہے تاہم اس میں کامیابی حاصل نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی ایف کمپلیکس میں کھلاڑیوں کیلئے کنٹین بھی کھولنے کا اعلان کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ نیشنل رینکنگ ٹینس چیمپئین شپ ہم پہلے شروع کرنا چاہتے تھے تاہم عقیل خان کی شادی کی وجہ سے یہ ایونٹ دیر سے شروع کر رہے ہیں۔

اس موقع پرا نہوں نے عقیل خان کو شادی کرنے پر مبارکباد بھی پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹینس فیڈریشن کے زیر اہتمام دوسری کلثوم سیف نیشنل رینکنگ ٹینس چیمپین شپ18سے24 جنوری تک پی ٹی ایف ٹینس کمپلیکس اسلام آباد میں شروع ہوگی۔ چیمپین شپ میں مختلف کیٹگری کے مقابلے کھیلے جائیں گے جس میں مینز سنگلز اورڈبلز، لیڈیز سنگلز، بوائز انڈر18، انڈر14، انڈر10، انڈر سینئرڈبلز اوپن، 45 سال سے اوپر سینئر اوپن ڈبلز اور 60 سال سے اوپر ایگزیکٹیو سینئر مقابلے شامل ہیں۔

گزشتہ سال اس ایونٹ کیلئے انعامی رقم 3 لاکھ روپے مقرر کی گئی تھی تاہم اس سال انعامی رقم میں تقریباً 70 فیصد اضافہ کر کے5 لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے۔ فیڈریشن سے متعلق تمام کھلاڑیوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ16جنوری تک پی ٹی ایف ٹینس کمپلیکس میں ریفری شہزاد حتر علوی کو انٹری بھیجوائے اور انٹری کیلئے آخری تاریح 16 جنوری مقرر کی ہے۔