بی جے پی رہنما نے عامر خان کی فلم”دنگل“کے خلاف احتجاج کرنے کی دھمکی دیدی

عامرخان کی فلم ”دنگل“کو علاج کی ضرورت ہے،بی جے پی

ہفتہ 16 جنوری 2016 11:44

بی جے پی رہنما نے عامر خان کی فلم”دنگل“کے خلاف احتجاج کرنے کی دھمکی ..

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔16 جنوری۔2016ء) مسلمان اداکار ہندو انتہا پسندوں کی آنکھوں میں کھٹکنے لگے ہیں،بی جے پی کے ان اداکاروں پر وار جاری ہیں،بھارتیہ جنتا پارٹی کی جانب سے ایک بار پھر اداکار عامرخان کو نشانہ بنایا گیا ہے۔بھارت میں عدم برادشت پر بیان دینے پرشاہ رخ خان کی فلم ”دل والے“ کی ریلیز پر ہندو انتہا پسندوں نے خوب ہنگامہ مچایااوراب حکمراں جماعت کے رہنما نے سینہ تان کر عامر خان کی فلم”دنگل“کے خلاف احتجاج کرنے کی دھمکی دے دی۔

بھارتیہ جنتا پارٹی کے نیشنل جنرل سیکریٹری کیلاش وجے ورگیا نے اس سال فلم دنگل کو نشانہ بنانے کا اعلان کیا ہے،ایک تقریب میں پارٹی ورکروں کو اکسایا اوربولے ،دھیان رکھنا سب،دنگل کا منگل کرنا ہے،عامرخان کی فلم ”دنگل“کو علاج کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

شاہ رخ خان کی فلم”دل والے “کا حوالہ دیتے ہوئے ورگیا نے یہ بھی کہا کہ ایک کو تو ٹھیک کر دیا ہے،اب دوسرے کو ٹھیک کرنا ہے،جلن اور نفرت کی آگ میں جلنے والا یہ ٹولہ اتنا آگے بڑھ چکا ہے کہ اسے یہ نظر نہیں آرہا کہ فلم دنگل میں عامر جس کا کردار ادا کر رہے ہیں وہ کوئی اور نہیں،بھارت کا ہی پہلوان ہیرومہاویر سنگھ ہے۔

لیکن جن کی عقل پر پردے پڑے ہوں ،ان سے بحث کیسی،کہنے والے کہہ رہے ہیں کہ بی جے پی کے احتجاج نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ عامر اور شاہ رخ کے دیئے گئے بیانات کا ایک ایک لفظ صحیح تھا۔