ابتک 1446ویلرز کے خلاف مقدمات درج کرائے گئے ‘ ایس پی سٹی ٹریفک

ہفتہ 16 جنوری 2016 14:15

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔16 جنوری۔2016ء)ایس پی سٹی ٹریفک آصف صدیق نے کہا ہے کہ سٹی ٹریفک پولیس ون ویلنگ کے خلاف ٹھوس اقدامات کرنے کیلئے ہر ممکن وسائل بروئے کار لا ر ہی ہے،سٹی ٹریفک پولیس نے ابتک1446ویلرز کو گرفتار کرکے انکے خلاف مختلف تھانوں میں مقدمات درج کرائے ہیں ۔انہوں نے ون ویلنگ کے خلاف انسدادی کارروائی کیلئے تشکیل دےئے گئے سپیشل اسکواڈ ز کوخصوصی بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ون ویلرز کے خلاف ویڈیو اور دیگر شواہد اکھٹے کرنے کیلئے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتیں بروئے کار لائیں ،سٹی ٹریفک پولیس نے ون ویلنگ کے خاتمے کو یقینی بنانے کیلئے انٹی ون ویلنگ سکواڈ کو جدید ترین کیمرے اور دیگر آلات ہیوی بائیکس مہیا کررکھی ہیں تاکہ ون ویلنگ کو جڑ سے ختم کیا جاسکے اس سلسلے میں بہترین کارکردگی کرنے والے اہلکاروں کو نقد ا نعامات اور تعریفی اسناددینے کا سلسلہ جاری رہے گا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے ڈی ایس پیز کو ہدایت کی کہ ون ویلرز کے خلاف جاری مہم کو کامیاب کرنے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کا رلائیں۔آصف صدیق نے کہا کہ ٹریفک ایجوکیشن یونٹ بھی شہریوں کو ون ویلنگ کے نقصانات بارے لیکچرز کا اہتمام کررہا ہے جبکہ وارڈنز کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وہ دوران ڈیوٹی لوگوں کو ٹریفک قوانین بارے ایجوکیٹ کریں۔ایس پی سٹی نے کہا کہ ون ویلنگ کے خلاف شہر بھر میں کریک ڈاؤن جاری ہے۔انہوں نے والدین کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو ون ویلنگ سے روک کر انکی زندگی اور قوم کے مستقبل کو تاریک ہونے سے بچائیں۔