Live Updates

عمران خان کوخیبرپختونخواہ میں بلدیاتی انتخاب میں دھاندلی نظر کیوں نہیں آئی،عرفان دولتانہ

ہفتہ 16 جنوری 2016 14:36

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔16 جنوری۔2016ء) مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی میاں عرفان دولتانہ نے کہا ہے کہ عمران خان کو پنجاب میں عوام دوست اقدامات سے بہت دکھ پہنچ رہاہے ۔عمران خان نہیں چاہتے کہ عوام کی فلاح کے لئے منصوبے بنائے جائیں ۔ ہر وقت دھاندلی کا ورد کر نے والے عمران خان کوخیبرپختون خواہ میں بلدیاتی انتخاب میں انہیں دھاندلی کیوں نظر نہیں آتی۔

انہوں نے کہاکہ کاشتکاروں کو شمسی توانائی سے چلنے والے 30 ہزار ٹیوب ویل لگانے کیلئے سود سے پاک قرضے دیئے جائیں گے اور اس ضمن میں ڈیزل اور بجلی پر چلائے جانے والے ٹیوب ویلوں کے مقابلہ میں نمایاں بچت ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ کسان ایک لاکھ روپے جمع کرائے گا جبکہ 10 لاکھ روپے بینک قرضہ فراہم کرے گا جس کا مارک اپ حکومت ادا کرے گی، ایک سولر ٹیوب ویل کی تنصیب پر 11 لاکھ روپے خرچ آتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس حوالہ سے اگر زیادہ درخواستیں موصول ہوئیں تو ان کی شفاف طریقہ سے قرعہ اندازی کی جائے گی، اس کے علاوہ کسانوں کیلئے لائف اور کراپ انشورنس کی سہولیات بھی متعارف کرائی گئی ہیں۔ تعمیرات کی صنعت جو 16 دیگر منسلک صنعتوں کو چلاتی ہے اس پر کئی قسم کی ٹیکس رعایتیں دی گئی ہیں اور اس شعبہ کی ترقی اور صنعت کے فروغ کیلئے بجری، اینٹوں اور تعمیراتی مشینری پر ٹیکس میں رعایتیں دی گئی ہیں۔ انہوں نے بجٹ میں کئے گئے اقدامات کے بارے میں کہا کہ ان اقدامات کے نتیجہ میں آئندہ مالی سال کے دوران 20تا 25 لاکھ روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات