اُردن کی ملکہ نے ایلان کے معاملے پر فرانسیسی میگزین کو کرارا جواب دے دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 16 جنوری 2016 15:55

اُردن کی ملکہ نے ایلان کے معاملے پر فرانسیسی میگزین کو کرارا جواب دے ..

اُردن (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 16 جنوری 2016ء): اُردن کی ملکہ نے ایلان کُرسی کے معاملے پر فرانسیسی میگزین کو ایک کرارا جواب دے دیا، تفصیلات کے مطابق اُردن کی ملکہ رانیا العبداللہ نے گذشتہ روز مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر اور سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بُک پر موجود اپنے دونوں آفیشل اکاؤنٹس پر ایک کارٹون پوسٹ کیا ہے، جس پر تحریر عبارت میں انہوں نے کہا کہ "اگر ایلان زندہ رہ جاتا تو مستقبل میں کیا بنتا ؟"... اس جُملے کو فرانسیسی، انگریزی اور عربی زبانوں میں پیش کیا گیا ہے۔

ملکہ رانیا نے اپنے دونوں اکاؤنٹس پر یہ کہتے ہوئے تبصرہ کیا ہے کہ " ممکن تھا کہ ایلان ایک ڈاکٹر یا ٹیچر یا ایک محبت کرنے والا باپ ہوتا"۔ملکہ رانیا کی سوچ کو کارٹون کی شکل اردن کے کارٹونسٹ اسامہ حجاج نے دی ہے۔

(جاری ہے)

ملکہ کی جانب سے یہ جواب فرانسیسی میگزین "چارلی ایبڈو" کے 3 سالہ شامی پناہ گزین بچے ایلان کردی سے متعلق شائع کیے جانے والے کارٹون کے ردٍ عمل کے طور پر سامنے آیا ۔

ایلان کُردی کی لاش ستمبر 2015ء میں ترکی کے ساحلوں پر ملی تھی جب وہ اپنے اہلٍ خانہ کے ساتھ یونان پہنچنے کی ناکام کوشش کررہا تھا۔فرانسیسی میگزین نے مہاجرین کے عنوان سے ایک کارٹون شائع کیا تھا جس میں ایلان سے متعلق کہا گیا تھا کہ اگر اس کی موت واقع نہ ہوتی تو وہ جرمن خواتین کے لیے ہراساں کرنے والا بنتا۔ دوسری جانب ایلان کُردی کی پھوپو نے "چارلی ایبڈو" کی جانب سے شائع کیے گئے تضحیک آمیز کارٹون کو "قابل نفرت" قرار دیا تھا ۔ جبکہ سوشل میڈیا پر بھی اس کی خاصی تضحیک کی گئی تھی ۔