وزیراعلیٰ پنجاب سے وفاقی وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی کی ملاقات

میں باہمی دلچسپی کے اموراورتوانائی کے منصوبوں خصوصاً گیس سے چلنے والے پاور پلانٹس کے پراجیکٹس کے حوالے سے بات چیت

ہفتہ 16 جنوری 2016 19:48

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔16 جنوری۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے وفاقی وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے اموراورتوانائی کے منصوبوں خصوصاً گیس سے چلنے والے پاور پلانٹس کے پراجیکٹس کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی اور چیئرمین بورڈ آف انوسٹمنٹ پاکستان مفتاح اسماعیل بھی اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں گیس سے3600میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں پر تیز رفتاری سے کام جاری ہے اور ان منصوبوں میں شفافیت کے اعلیٰ معیار کے تحت قوم کے 112 ارب روپے بچائے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گیس کی بنیاد پر بجلی کے منصوبوں کو 2017 کے اختتام تک مکمل کیا جائے گا۔ گزشتہ اڑھائی برس کے دوران توانائی منصوبوں کیلئے بے پناہ محنت کی گئی ہے اور ہمارا ہر قدم توانائی بحران کے خاتمے کیلئے اٹھ رہا ہے ۔ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں حکومت کی پالیسیوں کے باعث معیشت بہتر ہوئی ہے۔سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے اور اس وقت زر مبادلہ کے ذخائر ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہیں۔