قرضوں پرانحصار نے ملک کو معاشی طور پر غیر مستحکم کر دیا :خرم نواز گنڈا پور

بیروزگاری، لوڈشیڈنگ اور مہنگائی بے قابو ہو چکی ،ملکی وسائل پر چند خاندان قابض ہیں ،وفد سے گفتگو#/h#

ہفتہ 16 جنوری 2016 19:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔16 جنوری۔2016ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے کہا ہے کہ قومی خزانہ لوٹنے والے اور بے گناہ شہریوں کے قاتل حکمرانوں کا ٹھکانہ کرسی اقتدار نہیں بلکہ جیل ہے۔کرپشن نے ملک کی بنیادیں ہلا کر رکھ دی ہیں۔ قرضوں پرانحصار نے ملک کو معاشی طور پر غیر مستحکم کر دیا ہے۔ موجودہ حکمرانوں نے اڑھائی سا ل میں پاکستان کا قرضہ 9ہزار ارب تک پہنچا دیا ہے۔

حکمران مفاد عامہ کی بجائے ذاتی کاروبار بڑھانے کی پالیسی پر گامزن ہیں،کشکول توڑنے کا دعویٰ کرنے والوں نے قرض لینے کے تمام ریکارڈ توڑ دئیے ،خمیازہ آنے والی نسلوں کو بھگتنا ہو گا۔اورنج ٹرین اور میٹرو پالیسی قومی خزانے پر سب سے بڑا بوجھ ہیں،حکمرانوں کی پالیسیاں غریب عوام کیلئے کینسر بن چکی ہیں،فوری سرجری ضروری ہے،جب بھی شفاف احتساب اور سانحہ ماڈل ٹاؤن کا انصاف ہو گا حکمرانوں کا ٹھکانہ جیل اور پھر تختہ دار ہو گا۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے عوامی تاجر اتحاد کے صدر حاجی اسحاق کی قیادت میں آئے تاجروں اور کاروباری افراد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر الطاف رندھاوا، حافظ غلام فرید، ثناء اللہ خان، حاجی حنیف صابری، حفیظ الرحمن خان اور شہزاد رسول موجود تھے۔سیکرٹری جنرل عوامی تحریک نے مزید کہا کہ نااہل حکمرانوں کی پالیسیوں کی وجہ سے غیر ملکی قرضوں کے انبار ،بیروزگاری، بجلی ،گیس کی لوڈشیڈنگ اور مہنگائی بے قابو ہو چکی ہے،ملکی وسائل اور غریب طبقات کی کمائی پر چند خاندان قابض ہیں،ایل این جی کے جھوٹے افسانے سنا کر حکمرانوں نے اڑھائی سال نکال دئیے مگر توانائی بحران روز بروز بے قابو ہورہا ہے۔

عوام بنیادی ضرورتوں کے حصول کی چکی میں پس رہے ہیں،جنہوں نے مسائل حل کرنے ہیں وہ اپنی کمیشن بنانے میں مصروف ہیں۔خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک جلد ملک سے جعلی جمہوریت اور نااہل حکمرانوں کا خاتمہ کر کے ملک میں خوشحالی کا نیا سویرا طلوع کرے گی۔ملکی وسائل اور اختیارات اب چند خاندانوں کے قبضہ سے نکل کر عوام تک پہنچیں گے۔قائدعوامی تحریک ڈاکٹر طاہر القادری کا 10 نکاتی ایجنڈا عوام تک پہنچ چکا ہے، جلد اس پر عملدرآمد بھی شروع ہو جائیگا۔وہ دن آنے والا ہے جب عوام کو تعلیم ،صحت، روزگار ، امن ،تحفظ اور انصاف سے محروم کرنے والوں کا محاسبہ ہوگا۔

متعلقہ عنوان :