Live Updates

اسلام آباد میٹرو پولیٹن کارپوریشن کی مخصوص نشستوں کے انتخابات، مسلم لیگ (ن) نے 18نشستیں حاصل کرکے میدان مارلیا، تحریک انصاف 9نشستیں حاصل کرسکی، غیر سرکاری نتائج

خواتین کی 17 مخصوص نشستوں میں سے 11 پر مسلم لیگ (ن) اور 6 پر پی ٹی آئی کامیاب ، ٹیکنو کریٹ، نوجوان، اقلیتوں اورمزدوروں کی 10نشستوں میں سے 7 (ن) لیگ اور3 پی ٹی آئی کے حصے میں آئیں

ہفتہ 16 جنوری 2016 21:07

اسلام آباد میٹرو پولیٹن کارپوریشن کی مخصوص نشستوں کے انتخابات، مسلم ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔16 جنوری۔2016ء) بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے تحت اسلام آباد میٹرو پولیٹن کارپوریشن کی 27مخصوص نشستوں کے انتخابات کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) نے 18نشستیں جیت لیں جبکہ پاکستان تحریک انصاف نے9 نشستوں پر کامیابی حاصل کی، کوئی آزاد امیدوار کامیاب نہ ہو سکا، خواتین کی 17 مخصوص نشستوں میں سے 11 پر مسلم لیگ (ن) اور 6 پر پی ٹی آئی کامیاب رہی، ٹیکنو کریٹ، نوجوان، اقلیتوں اورمزدوروں کی 10نشستوں میں سے (ن) لیگ کے حصے میں 7جبکہ پی ٹی آئی کے حصے میں 3نشستیں آئیں، ٹیکنوکریٹ کی نشست مسلم لیگ (ن) نے جیت لی۔

ہفتہ کو پولنگ اور گنتی کا عمل مکمل ہونے پر ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر علیم شہاب نے نتائج کا اعلان کیا،27مخصوص نشستوں کیلئے ایف ایٹ فور اسلام آباد ماڈل کالج فار بوائز میں پولنگ کا عمل 9بجے سے شام 5بجے تک جاری رہا، بلدیاتی الیکشن میں اسلام آباد کی 50 یونین کونسلوں سے منتخب ہونے والے 50چیئرمینوں نے ووٹ ڈالا،27مخصوص نشستوں کیلئے 55 امیدواروں نے انتخابات میں حصہ لیا، خواتین کی 17 مخصوص نشستوں پر 25 امیدوار، نوجوانوں کی 3نشستوں پر 13 امیدوار، اقلیتوں کی 3نشستوں پر 11امیدوار، لیبر،کسان کی 3نشستوں پر 10امیدواروں نے الیکشن میں حصہ لیا۔

(جاری ہے)

ریٹرننگ آفیسر کے فرائض فراست علی خان نے سر انجام دیئے۔ انتخابات کے سرکاری نتائج کا اعلان 18جنوری کو کیاجائے گا، انتخابات پر امن ماحول میں ہوئے ، کوئی ناخوشگوار واقعہ رونما نہیں ہوا، کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کیلئے پولیس نے خصوصی انتظامات کئے اور پولیس کے چاق و چوبند اہلکار پولنگ اسٹیشن پر تعینات کئے گئے، پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان تحریک انصاف کے کارکن بڑی تعداد میں موجود تھے اور نتائج کا اعلان ہوتے ہی جیتنے والے امیدواروں کے حامیوں نے جشن منانا شروع کر دیا اور اپنی پارٹیوں اور قائدین کے حق میں نعرے لگائے اور مٹھائیاں تقسیم کیں۔

ایک میئر اور 3ڈپٹی میئر کا انتخاب جنوری کے آخری ہفتہ میں متوقع ہے، خواتین کی نشستوں کیلئے سبز، ٹیکنوکریٹ کی نشست کیلئے گلابی، کسان،مزدور کی نشست کیلئے ہلکا گرے رنگ کا بیلٹ پیپر استعمال کیا گیا۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات