فیصل آباد ،بھٹہ خشت پرچائلڈلیبر کے خاتمے کیلئے ضلعی سطح پر مانیٹرنگ کمیٹی قائم

کنوینئر ڈی سی اوہونگے بھٹہ خشت مالکان مزدوروں کو حکومت کی طرف سے مقرر کردہ اجرت کی ادائیگی کو یقینی بنائیں بصورت دیگر سخت ترین قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی،نور الامین مینگل

ہفتہ 16 جنوری 2016 22:36

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔16 جنوری۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہبازشریف کی ہدایات پر بھٹہ خشت پرچائلڈلیبر کے خاتمے کے لئے ضلعی سطح پر مانیٹرنگ کمیٹی قائم کی گئی ہے جس کے کنوینئر ڈی سی اوہونگے ، چائلڈ لیبر کے خاتمے کے لئے بھٹہ خشتہ سے متعلق حکومت پنجاب کے نئے آرڈیننس پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا ،بھٹہ خشت مالکان مزدوروں کو حکومت کی طرف سے مقرر کردہ اجرت کی ادائیگی کو یقینی بنائیں بصورت دیگر سخت ترین قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔

آن لائن کے مطابق جوزیراعلیٰ پنجاب محمدشہبازشریف کی ہدایات پر بھٹہ خشت پرچائلڈلیبر کے خاتمے کے لئے ضلعی سطح پر مانیٹرنگ کمیٹی قائم کی گئی ہے جس کے کنوینئر ڈی سی اوہونگے ، بکہ دیگر ممبران میں سٹی پولیس آفیسر،ڈی او(سپیشل برانچ)انٹیلی جنس بیوروکے نمائندہ،ای ڈی اوایجوکیشن،ای ڈی او ہیلتھ،ڈائریکٹرز سوشل سیکورٹی ایسٹ اینڈ ویسٹ،ڈائریکٹر(ایمپلائز اولڈ بینیفٹ انسٹیٹیوشن)،ڈی او انڈسٹریز شامل ہیں جبکہ ڈی او لیبر کمیٹی کے سیکرٹری/ممبر ہونگے۔

(جاری ہے)

مانیٹرنگ کمیٹی ہفتہ وار میٹنگ کرکے چائلڈلیبر کے خاتمے پر عملدرآمد کاجائزہ لے گی جبکہ ڈی سی او کمیٹی کی کارکردگی مانیٹرکرنے کے علاوہ اینٹوں کے بھٹوں کو چیک کرکے بچوں سے جبری مشقت لینے والے بھٹوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائیں گے۔ علاوہ از یں ڈی سی او نور الامین مینگل نے ڈسٹرکٹ ویجلینس کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے بھٹہ خشت اور پاور لومز کے ورکرز سے متعلقہ بعض مسائل سنتے ہوئے کہا کہ چائلڈ لیبر کے خاتمے کے لئے بھٹہ خشتہ سے متعلق حکومت پنجاب کے نئے آرڈیننس پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا جبکہ پاور لومز کی صفائی و آئلنگ سے متعلق ورکرز کے مسائل کے حل کے لئے بھی ضروری اقدامات کئے جائیں گے ۔

انہوں نے بھٹہ خشت ورکرز کے سوشل سیکورٹی کارڈز کے اجراء میں پیش رفت کو مزید آگے بڑھانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ کو اپنے حصے کے واجبات ادا نہ کرنے والے بھٹہ مالکان کے خلاف ضابطہ کے تحت کارروائی عمل میں لائیں ۔ انہوں نے بھٹہ مالکان سے کہا کہ وہ متعلقہ قوانین کی پاسداری کریں بصورت دیگر قانونی کارروائی سے گریز نہیں کیا جائے گا ۔

اجلاس کے دوران بھٹہ مالکان اور مزدور رہنماؤں نے چائلڈ لیبر کے خاتمے سے متعلق وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کے حالیہ اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ بچوں کے بہترین مفاد اور تعلیم و تربیت کی خاطر متعلقہ قوانین پر کامیابی سے عملدرآمد کے لئے بھر پور معاونت کریں گے ۔ انہوں نے مسائل کے حل کی یقین دہانی پر ڈی سی او نور الامین مینگل کا شکریہ ادا کیا۔

متعلقہ عنوان :