ایران پر عائد اقتصادی پابندیاں ختم، منجمد اثاثے بحال

Fahad Shabbir فہد شبیر اتوار 17 جنوری 2016 12:05

ایران پر عائد اقتصادی پابندیاں ختم، منجمد اثاثے بحال

تہران(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17جنوری۔2016ء) ایران پر عائد اقتصادی پابندیاں ختم بالآخر ختم کردی گئیں۔ اور ساتھ ہی اربوں ڈالر کے منجمد اثاثے بھی بحال ہو گئے۔ ایران اب تیل اور دیگر اشیاء عالمی منڈی میں فروخت کرسکے گا ۔ عالمی ایٹمی توانائی ایجنسی اور امریکا نے ایران پر عائد پابندیاں ختم کرنے کا اعلان کردیا ۔ ویانا میں یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی سربراہ فیڈریکا موگیرینی نے ایرانی وزیرخارجہ جاوید ظریف کے ساتھ نیوز کانفرنس میں بتایا کہ ایران نے جوہری معاملے پر عالمی طاقتوں کے ساتھ کیے گئے معاہدے کی پاسداری کی اور اپنے وعدے بھی پورے کیے ہیں ۔

ایرانی وزیرخارجہ جاوید ظریف نے پابندی کے خاتمے کو خوش آٗئند قرار دیا ۔ ایرانی صدر حسن روحانی نے اپنے ٹویٹر پیغام میں پابندیوں کے خاتمے پر قوم کو مبارکباد دی ۔

(جاری ہے)

جبکہ صدراوباما نے بھی ایران پر سے پابندیاں اٹھانے کا ایگزیکٹو آرڈر جاری کردیا ۔ ایران اور چھ عالمی طاقتوں کے درمیان ایران کے جوہری پروگرام پر گذشتہ برس جولائی میں معاہدہ طے پایا تھا جس کا مقصد ایران کی جوہری ہتھیار بنانے کی صلاحیت کو ختم کرنا تھا ۔ پابندیوں کے خاتمے کے بعد جوہری توانائی کےنگران ادارے کے سربراہ یوکیا آمانو آج ایران کا دورہ کریں گے ۔ جہاں وہ حسن روحانی اور ایران کے جوہری توانائی کے سربراہ سے ملاقات کریں گے ۔