دوسرا ٹی ٹونٹی: پاکستان کا نیوزی لینڈ کو جیت کیلئے 169 رنز کا ٹارگٹ

Fahad Shabbir فہد شبیر اتوار 17 جنوری 2016 12:47

دوسرا ٹی ٹونٹی: پاکستان کا نیوزی لینڈ کو جیت کیلئے 169 رنز کا ٹارگٹ

ہیملٹن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17جنوری۔2016ء) ہیملٹن میں کھیلے جا رہے دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو جیت کیلئے 169 رنز کا ٹارگٹ دیا ہے۔ پہلی فتح سے سرشار شاہین دوسرے معرکہ بھی مارنے کو بے قرار ہیں۔دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان کی جانب سے محمد حفیظ اور احمد شہزاد نے اننگز کا آغاز کیا۔

تاہم پاکستانی ٹیم کا سکور ابھی 29 رنز تک ہی پہنچا تھا کہ احمد شہزاد ایک اونچی شارٹ کھیلنے کی کوشش میں کیچ آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔ ایںڈرسن کی گیند پر ولیمسن نے ان کا کیچ لیا۔ احمد شہزاد صرف 9 رنز بنا سکے۔ اس کے بعد محمد حفیظ بھی زیادہ دیر تک وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور کیوی بولر کا شکار بن گئے۔ سینٹنر کی گیند پر ایسل نے ان کا کیچ لیا۔

(جاری ہے)

محمد حفیظ نے 19 رنز بنائے۔

پاکستان کے تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی صہیب مقصود تھے جنہوں نے بھی اونچی شارٹ کھیلنے کی کوشش میں اپنی وکٹ گنوائی۔ ایلیٹ کی گیند پر سینٹنر نے ان کا کیچ لیا۔ صہیب مقصود نے 18 رنز کی اننگز کھیلی۔ اس کے بعد شعیب ملک اور عمر اکمل نے جاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستانی ٹیم کے سکور کو 130 رنز تک پہنچایا۔ تاہم میچ کے 17ویں اوور میں میک کلنگن نے شعیب ملک کو بولڈ کر دیا۔

شعیب ملک نے 39 رنز کی اننگز کھیلی۔ اس کے بعد کپتان بوم بوم آفریدی نے آتے ہی پہلی گیند پر چھکا جڑ دیا لیکن اسے اگلی ہی گیند پر کیچ آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔ پاکستان کے چھٹے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی عماد وسیم تھے جنہوں نے صرف 8 رنز بنائے۔ میک کلنگن کی گیند پر مِلنی نے ان کا خوبصورت کیچ لیا۔ 163 کے سکور پر پاکستان کی ساتویں وکٹ گری جب وکٹ کیپر سرفراز احمد صرف ایک وکر بنا کر رن آؤٹ ہو گئے۔

عمر اکمل نے چار چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے 56 رنز کی یادگار اننگز کھیلی اور ناٹ آؤٹ رہے۔ یوں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 168 رنز بنائے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے میک کلنگن نے 2 جبکہ سینٹنر، مِلنی، اینڈرسن اور ایلیٹ نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ قومی ٹیم نے آکلینڈ میں سولہ رنز سے کامیابی سمیٹ کر سیریز میں فاتحانہ آغاز کیا تھا۔

بوم بوم آفریدی نے تئیس رنز کی دھواں دار اننگز کھیلنے کے بعد دو شکار بھی کیے۔ پروفیسر کے بلے نے بھی اکسٹھ رنز اگلے۔ پانچ سال کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ میں واپس آنے والے محمد عامر نے بھی کیوی ٹاپ آرڈر کو پریشان کیا۔ شاہینوں کو تین میچز کی سیریز میں ایک صفر سے برتری حاصل ہے۔ دوسرے ٹی ٹونٹی کے لیے نیوزی لینڈ کی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئیں۔ ٹرنینٹ بولٹ اور میٹ ہنری کی جگہ راس ٹیلر اور میک لیگن کو شامل کیا گیا جبکہ پاکستان کی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔