”خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام“ کے تحت دیہی سڑکوں کی تعمیر و بحالی پر150 ارب روپے خرچ کئے جائیں گے‘رانا بابر حسین

سڑکوں کی تعمیر و بحالی کے پروگرام کو تیزرفتاری سے آگے بڑھایا جارہا ہے دیہات میں بسنے والی آبادی کو آمدورفت کی بہترین سہولتیں میسرآسکیں سڑکوں کی دیکھ بھال اور حفاظت کیلئے ایک خاص حد سے زائد وزن کی گاڑیاں ان سڑکوں پر نہیں آنی چاہئیں‘صوبائی پارلیمانی سیکرٹری

اتوار 17 جنوری 2016 13:55

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔17 جنوری۔2016ء ) صوبائی پارلیمانی سیکرٹری برائے خزانہ رانا بابرحسین نے کہا ہے کہ ”خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام“ کے تحت دیہی سڑکوں کی تعمیر و بحالی پر150 ارب روپے خرچ کئے جائیں گے،وزیر اعلی شہباز شریف کا یہ منصوبہ دیہی آبادی کا طرز زندگی بدل دے گااورپاکستان کی تاریخ میں دیہی سڑکوں کی تعمیر و بحالی کا اتنا بڑا پروگرام کبھی شروع نہیں کیا گیا۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت دیہات میں بسنے والے افراد کی ترقی و خوشحالی کو اپنا نصب العین سمجھتی ہے اور یہی وجہ ہے کہ دیہی سڑکوں کی تعمیر و بحالی کا بڑا پروگرام شروع کیا گیا ہے جس کے تحت اعلیٰ معیار کی کارپیٹڈ سڑکیں بنائی جا رہی ہیں۔

(جاری ہے)

2017-18ء تک کئی سو کلو میٹر طویل سڑکوں کا جال بچھا دیا جائے گا۔ ”پکیاں سڑکاں۔

سوکھے پینڈے“ پروگرام دیہی معیشت کے فروغ کیلئے خوشحالی کا پیغام لائے گا۔ اس پروگرام پر عملدرآمد سے دیہات اور شہروں کا فاصلہ سمٹ جائے گا۔ دیہی سڑکوں کی تعمیر و بحالی کے پروگرام کو تیزرفتاری سے آگے بڑھایا جارہا ہے تاکہ دیہات میں بسنے والی آبادی کو آمدورفت کی بہترین سہولتیں میسرآسکیں۔خادم پنجاب دیہی روڈ زپروگرام کے تحت دیہی سڑکوں کی تعمیر وبحالی کے پروگرام پر 2017-18ء تک 150ارب روپے خرچ کیے جائیں گے،جس سے صوبہ پنجاب کی دیہی سڑکوں کی تعمیر و بحالی کا کام مکمل ہوگااوردیہی زندگی میں معاشی ترقی اور خوشحالی کا انقلاب برپا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کے تحت بننے والی سڑکوں کی دیکھ بھال اور ان کا تحفظ ایک قومی ذمہ داری ہے۔ سڑکوں کی دیکھ بھال اور حفاظت کے لئے ایک خاص حد سے زائد وزن کی گاڑیاں ان سڑکوں پر نہیں آنی چاہئیں۔ سڑکوں کو ٹوٹ پھوٹ سے بچانے کے لئے ایکسل لوڈ مینجمنٹ کا موثر نظام وضع کیا جائے اور متعلقہ کمیٹی ایکسل لوڈ مینجمنٹ کے حوالے سے جلد سفارشات کو حتمی شکل دے۔

متعلقہ اضلاع کے ڈی سی اوز اور ڈی پی اوز تعمیر و بحال ہونے والی دیہی سڑکوں پر اوورلوڈنگ کی خلاف ورزی پر بلاامتیاز کارروائی کو یقینی بنائیں اور اس ضمن میں باقاعدہ رپورٹ پیش کی جائے کیونکہ اربوں روپے کی سرمایہ کاری سے بننے والی ان سڑکوں کو ٹوٹ پھوٹ سے بچانا ایک ملی فریضہ ہے۔ پنجاب میں انفراسٹرکچر کے منصوبوں پر تیز رفتاری سے عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے انفراسٹرکچرڈویلپمنٹ اتھارٹی کا قیام عمل میں لایا گیا ہے اور اتھارٹی کو جدید خطو ط پر استوار کیا جائے گا۔ انفراسٹرکچر کے منصوبوں پر عملدرآمد کے حوالے سے اتھارٹی کا قیام انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

متعلقہ عنوان :