افغانستان سیاستدان کے گھر پر خودکش حملے میں 13 افراد ہلاک چودہ زخمی

خودکش حملہ آور نے مقامی سیاست دان عبیداللہ شنواری کے گھر پر جاری جرگے کو نشانہ بنایا شنواری محفوظ رہے عبیداللہ شنواری کے بیٹے کو طالبان کی قید سے حال میں رہا کیا گیا تھا

اتوار 17 جنوری 2016 17:07

افغانستان  سیاستدان کے گھر پر خودکش حملے میں 13 افراد ہلاک  چودہ زخمی

جلال آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔17 جنوری۔2016ء) افغانستان کے شہر جلال آباد میں ایک سیاستدان کے گھر پر خودکش حملے میں 13 افراد ہلاک اور 14 زخمی ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق جلال آباد میں گزشتہ پانچ روز میں دوسرا بڑا خودکش حملہ ہے۔اس سے قبل بدھ کو پاکستان کے قونصل خانے پر خودکش حملے اور فائرنگ کے نتیجے میں 10 افراد جاں بحق ہوئے تھے ۔

اتوار کو خودکش حملہ آور نے مقامی سیاست دان عبیداللہ شنواری کے گھر پر جاری جرگے کو نشانہ بنایا تاہم شنواری اس میں محفوظ رہے۔

(جاری ہے)

صوبہ ننگرہار کے گورنر نے خودکش حملے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اس کا ہدف عبیداللہ شنواری کا گھرتھا۔صوبائی حکومت کے ترجمان عطااللہ خوگیانی نے بتایا کہ دھماکا صبح ساڑھے دس بجے شنواری کے گھر پر ہوا جہاں لوگ ایک خاندانی تقریب کے لیے جمع تھے جب کہ عبیداللہ شنواری کے بیٹے کو طالبان کی قید سے حال میں رہا کیا گیا تھا جس کی خوشی میں ان کے گھر پر تقریب رکھی گئی تھی۔

ابتدائی معلومات کے مطابق شنواری کا رہائی پانے والا بیٹا اس حملے میں ہلاک ہو گیا عطااللہ خوگیانی نے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا اور بتایا کہ شنواری کا گھر گزشتہ ہفتے نشانہ بنائے گئے پاکستانی قونصل خانے کے قریب ہی واقع ہے۔