خاتون ٹیچر کا کھلے مین ہول میں گر کر جاں بحق ہونا حکومتی اداروں کی غفلت اور نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے:جمیل ملک

حکمرانوں نے بلدیاتی اداروں کو مضبوط نہیں ہونے دیا،مسائل اور مشکلات کا انبار لگ چکا ہے:پاکستان جمہوری اتحاد کے مرکزی صدر

اتوار 17 جنوری 2016 17:41

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔17 جنوری۔2016ء) پاکستان جمہوری اتحاد کے مرکزی صدرمحمد جمیل ملک نے کہا ہے کہ فیصل آباد میں خاتون ٹیچر کا کھلے مین ہول میں گر کر جاں بحق ہونا حکومتی اداروں کی غفلت اور نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے، کھلے مین ہولز پنجاب حکومت اور اسکے زیر انتظام اداروں کی گڈ گورنس پر سوالیہ نشان ہیں،آج یہاں ایک بیان میں انہوں نے کہا صوبہ بھر میں سینکڑوں افراد کھلے مین ہولز میں گر کر لقمہ اجل بن چکے ہیں اور سینکڑوں ہی زخمی ہوچکے ہیں مگر حکومتی اداروں کے کان پر جوں تک نہیں رینگ رہی،مین ہولز پر رکھے جانے والے ڈھکن ریت کے زیادہ استعمال کے باعث چند روز بعد ہی ٹوٹ جاتے ہیں جس سے راہگیر اوردیگر افرادمین ہولز میں گر کرجان سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں،انہوں نے کہا موجودہ حکمرانوں نے بلدیاتی اداروں کو مضبوط نہیں ہونے دیا جس سے لوگوں کے بنیادی حقوق متاثر ہورہے ہیں اور مسائل اور مشکلات کا انبار لگ چکا ہے،خادم اعلیٰ پنجاب کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کے ذریعے بلدیاتی ادارے چلارہے ہیں اور ہر طرف کرپشن اور لوٹ مار کا بازار گرم ہے،نومنتخب بلدیاتی نمائندوں کو اختیارات نہ دینے سے بھی اسی آمرانہ سوچ کی عکاسی ہوتی ہے،انہوں نے مطالبہ کیا کہ فیصل آباد کے علاقہ میلاد روڈ پر کھلے مین ہول میں گر کرجاں بحق ہونیوالی خاتون ٹیچر کے لواحقین کی کم از کم ایک کروڑ روپے مالی امداد کی جائے اور ذمہ داران کا تعین کرکے انہیں انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔

متعلقہ عنوان :