مالیاتی ڈسپلن اورترقیاتی منصوبوں میں شفافیت کو یقینی بنا کراربوں روپے کے قومی وسائل بچائے گئے ہیں:شہبازشریف، کفایت شعاری کی پالیسی پر عمل پیرا ہوتے ہوئے بچائے گئے اضافی وسائل عوام کی ترقی و خوشحالی کے منصوبوں پر خرچ کیے جارہے ہیں،پنجاب حکومت نے منصوبوں میں شفافیت اوراعلی معیار متعارف کراکے نئے رحجان کو فروغ دیا ہے،دور آمریت میں کرپشن اورلوٹ مار کا بازارتو گرم رہا، عوام کو مسائل سے نجات دلانے کیلئے کوئی عملی اقدامات نہیں کیے،وزیراعلیٰ ک پنجاب کی منتخب نمائندوں سے گفتگو

اتوار 17 جنوری 2016 21:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17جنوری۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ محروم معیشت طبقات کو ترقی کے دھارے میں لانا پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت کا ایجنڈا ہے اور اس مقصد کیلئے ہر ممکن اقدامات کیے جارہے ہیں ۔وسائل قوم کی امانت سمجھتے ہوئے عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی پر صرف کیے جارہے ہیں ۔ترقی کی متوازن پالیسی کے تحت پسماندہ علاقوں میں بھی میگاپراجیکٹس تیزی سے مکمل کیے جارہے ہیں ۔

تعلیم ،صحت ،انفراسٹرکچر اورسماجی شعبے میں مکمل کیے گئے بڑے منصوبوں سے صوبے کے عوام مستفید ہورہے ہیں ۔کفایت شعاری کی پالیسی پر عمل پیرا ہوتے ہوئے بچائے گئے اضافی وسائل عوام کی ترقی و خوشحالی کے منصوبوں پر خرچ کیے جارہے ہیں ۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار پاکستان مسلم لیگ(ن) کے منتخب نمائندوں کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے میں شفافیت،میرٹ اوراچھی طرز حکمرانی کو فروغ دیا گیا ہے ۔مالیاتی ڈسپلن اورترقیاتی منصوبوں میں شفافیت کو یقینی بنا کراربوں روپے کے قومی وسائل بچائے گئے ہیں۔ملک کی تاریخ میں شفافیت کے ساتھ منصوبوں کو شروع کرنے اورانہیں پایہ تکمیل تک پہنچانے کی ماضی میں ایسی کوئی مثال نہیں ملتی اورحکومت نے منصوبوں میں شفافیت اوراعلی معیار متعارف کراکے نئے رحجان کو فروغ دیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اگرگزشتہ 68برسوں میں منصوبوں کی تکمیل میں شفافیت اور میرٹ کی پالیسی پر عمل کیا جاتا تو پاکستان کی آج یہ حالت نہ ہوتی۔دور آمریت میں کرپشن اورلوٹ مار کا بازارتو گرم رہا لیکن ان حکمرانوں نے عوام کو مسائل سے نجات دلانے کیلئے کوئی عملی اقدامات نہیں کیے۔ترقیاتی منصوبوں کے نام پر ان حکمرانوں نے اپنی جیبیں تو ضروربھریں لیکن عوام کو توانائی بحران اوردیگرمسائل سے چھٹکارا دلانے کیلئے کچھ نہ کیا ۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں گزشتہ اڑھائی برس کے دوران ملک کو توانائی بحران اوردیگر مسائل سے نجات دلانے کیلئے دن رات محنت کی جارہی ہے ۔ملک کو مسائل کے چنگل سے نجات دلانے کیلئے ہماری مخلصانہ کاوشیں بارآور ثابت ہورہی ہیں۔انشاء اللہ وہ وقت دور نہیں جب پاکستان تمام بحرانوں سے نکل کر ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نوازشریف کی قیادت میں وفاقی حکومت کی ٹھوس معاشی پالیسیوں کے باعث قومی معیشت بہتر ہوئی ہے اور زرمبادلہ کے ذخائر ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہیں۔توانائی بحران کے خاتمے کیلئے بھی بجلی کے منصوبوں پر دن رات کام کیا جارہا ہے۔ 2017ء کے آخر تک توانائی کے منصوبوں کی تکمیل سے ملک سے لوڈ شیڈنگ کے اندھیرے دور کرنے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نہ صرف توانائی کے منصوبوں پر کام کررہی ہے بلکہ ان منصوبوں میں قوم کے اربوں روپے کے وسائل بھی بچائے جارہا ہے۔ پنجاب میں گیس کی بنیاد پر لگنے والے تین منصوبوں میں شفافیت کو یقینی بناتے ہوئے قوم کے 112ارب روپے بچائے گئے ہیں اوریہ منصوبے دنیا کے سستے ترین پراجیکٹس ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کے تحت توانائی کے شعبے میں چین 36ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کررہا ہے اورچائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور کے تحت توانائی کے منصوبے چاروں صوبوں میں لگ رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں آئندہ نسلوں کو محفوظ ،پرامن اورخوشحال پاکستان دیں گے۔

متعلقہ عنوان :