وزیر اعظم نواز شریف آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے ساتھ مصالحتی مشن

پر سعودی عرب روانہ‘کل تہران میں ایرانی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے

Umer Jamshaid عمر جمشید پیر 18 جنوری 2016 11:29

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔۔ آئی پی اے ۔۔ 18 جنوری۔2015ء) وزیر اعظم نواز شریف چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف کے ساتھ ایران اور سعودی عرب کے درمیان پیدا ہونے والی حالیہ کشیدگی کے خاتمے کے لیے مصالحتی مشن پر سعودی عرب روانہ ہو رہے ہیں۔دفتر خارجہ کے بیان کے مطابق اپنے اس دورے کے دوران وزیراعظم آج سعودی عرب روانہ ہونگے جبکہ منگل کو ایران بھی جائیں گے اور دونوں ممالک کے دورے کے دوران اعلیٰ سطح کا ایک وفد بھی وزیرِ اعظم کے ہمراہ ہوگا۔

وزیراعظم نوازشریف سعودی عرب اور ایران کے دوروں کے دوران سعودی فرمانروا شاہ سلمان اور ایرانی صدر حسن روحانی سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ پاکستان ایک طویل عرصے سے سعودی عرب کا اتحادی ہے اور حال ہی میں سعودی عرب کے وزیر دفاع اور نائب ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور وزیر خارجہ عادل الجبیر نے پاکستان کا دورہ کیا تھا۔

(جاری ہے)

نواز شریف کے ساتھ پاکستان کی برّی فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف بھی ایران اور سعودی عرب کے دورے پر جا رہے ہیں۔

دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان سعودی اور ایران کے درمیان کشیدگی ختم کرانے میں اہم کردار ادا کریگا،وہ دونوں ممالک درمیان موجود کشیدگی کا پرامن حل تلاش کرنا چاہتا ہے۔ذرائع کے مطابق سعودی عرب کے وزیرخارجہ اور وزیر دفاع کے دورہ پاکستان کے دوران بھی یہ تنازع ختم کرنے کے امور پر بات ہوئی تھی۔ پاکستان نے ایران اور سعودی عرب کی جانب سے اعتماد کے اظہار کے بعد اپناکردار ادا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔وزیراعظم اور آرمی چیف کے سعودی ، ایران ہنگامی دوروں کے بعد چینی صدر شی جن پنگ منگل کو ریاض پہنچیں گے، اور پھر جمعہ کو ایران بھی جائیں گے۔