باڈی بلڈنگ چھوڑوں یا پاکستان ، مسل مینیا باڈی بلڈنگ ٹائٹل جیتنے والے سلمان احمد کے لیے فیصلے کی گھڑی آگئی

پیر 18 جنوری 2016 11:52

باڈی بلڈنگ چھوڑوں یا پاکستان ، مسل مینیا باڈی بلڈنگ ٹائٹل جیتنے والے ..

لاہور (اردو پوا ئنٹ تازہ ترین اخبار18جنوری- 2016ء) سلمان احمد جب گزشتہ سال لاس ویگاس میں مسل مینیا ورلڈ باڈی بلڈنگ ٹائٹل جیتنے والے پہلے پاکستانی بنے تو وہ ہال میں اکیلے تھے کیونکہ وہ حریفوں کے برعکس منیجرز، کوچز ، پروموٹرز کے متحمل نہیں ہو سکتے تھے تاہم اب 25 سالہ سلمان وطن واپس آنے کے بعد دو راہے پر کھڑے ہیں کیوں کہ انہیں حکومت کی جانب سے مالی معاونت نہ ہونے اور سپانسرز کی عدم دلچسپی کی وجہ سے یہ طے کرنا ہے کہ یا تو وہ اپنے تابناک کیریئر کو خیر آباد کہیں یا پھر پاکستان چھوڑ دیں ۔

لاہور میں اپنے جم میں ورزش کے دوران میڈیا سے گفتگو میں سلمان نے کہا کہ پاکستان میں باڈی بلڈر کا کوئی مستقبل نہیں ہے ، امریکی قونصل خانے نے تاریخی فتح پر انہیں مبارکباد دی اور بھارت بھی انہیں اپنے مختلف شہروں میں سیمیناروں سے خطاب کیلئے مدعو کرنے پر غور کر رہا ہے تاہم پاکستان میں اب تک کسی افسر نے ان سے رابطہ نہیں کیا کیوں کہ یہاں صرف کرکٹرز کو شہرت ملتی ہے اور دوسرے کھیلوں کے پلیئرز توجہ اور مالی معاونت سے محروم رہتے ہیں ۔

(جاری ہے)

سلمان کے مطابق انہیں امریکا اور دوسرے یورپی ملکوں سے کچھ پرکشش آفرز آئی ہیں جنہیں قبول کرنے کیلئے انہیں اپنا گھر اور ملک چھوڑنا پڑے گا اور وہ آئندہ جیت کر کبھی پاکستان کا جھنڈا نہیں لہرا سکیں گے ۔ سلمان کے مطابق انہوں نے کچھ عالمی سپانسرز سے رابطہ کیا تھا لیکن وہ محض پاکستان کا نام سننے پر ہی سکیورٹی وجوہات پر بھاگ گئے ۔ سلمان نے اب اپنی نگاہیں جون میں میامی میں ہونے والے مسل مینیا پرو کیٹگیری جیتنے پر مرکوز کر رکھی ہیں ۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں سلمان کی والدہ ساجدہ یاسین نے بتایا کہ لاہور سے انٹرنیٹ پر لائیو اپنے بیٹے کو ٹرافی کے ساتھ دیکھ کر ان کی آنکھیں اشکبار تھیں ۔ دوسری جانب پنجاب سپورٹس بورڈ کے سربراہ عثمان انور کہتے ہیں کہ حکومت سلمان کی کامیابیوں سے نا آشنا تھی ۔ اگر حکومت کو علم ہوتا کہ سلمان لاس ویگاس جا رہا ہے تو ہم نہ صرف انکی مالی مدد کرتے بلکہ تربیت اور تکنیکی مہارت بھی فراہم کرتے ۔

عثمان انور کا مزید کہنا تھا کہ سپورٹس بورڈ نے سلمان کو مدعو کیا ہے اور ملاقات میں ساری تفصیلات جاننے کے بعد انکی مدد کرینگے ۔ دوسری طرف سلمان کیلئے فیصلے کی گھڑی سر پر کھڑی ہے ، ان کا کہنا ہے کہ وہ اس شعبے میں ٹاپ پر جانا چاہتے ہیں اس لیے انہیں بلآخر فیصلہ کرنا ہے جو انتہائی مرحلہ ہو گا ۔

باڈی بلڈنگ چھوڑوں یا پاکستان ، مسل مینیا باڈی بلڈنگ ٹائٹل جیتنے والے ..