بالی ووڈ اداکار نوا زالدین صدیقی کے خلاف مقدمہ درج

پیر 18 جنوری 2016 12:59

بالی ووڈ اداکار نوا زالدین صدیقی کے خلاف مقدمہ درج

ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18 جنوری۔2016ء)ممبئی میں پولیس نے پارکنگ کی جگہ کے تنازعہ پر بالی ووڈ اداکار نوا زالدین صدیقی کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔انڈین ایکسپریس کی ایک رپورٹ کے مطابق، ایک خاتون نے وارسوا پولیس اسٹیشن میں شکایت کی کہ نواز نے پارکنگ کی جگہ کے تنازعے پر انہیں دھکے دیئے اور نامناسب رویہ اختیار کیا۔

(جاری ہے)

نواز الدین اور متاثرہ خاتون ایک ہی ہاوٴسنگ سوسائٹی کے رہائشی ہیں اور خاتون کا دعویٰ ہے کہ نواز، ان کے بھائی اور ملازموں نے اتوار کی دوپہر ان کی 24 سالہ بیٹی سے بدتمیزی کی۔

شکایت کنندہ خاتون نے انڈین ایکسپریس کو بتایا کہ ہاوٴسنگ سوسائٹی کے پورے پارکنگ ایریا پر قبضہ کی وجہ سے پڑوسیوں کو ایک سال قبل یہاں رہائش اختیار کرنے والے نواز الدین سے اختلاف ہے ۔آج جب میری بیٹی نے نواز کی تصاویر کھینچنے کے کوشش کی تو انہوں نے اپنے بھائی اور ملازمین کے ہمراہ میری بیٹی سے بدتمیزی کرتے ہوئے انہیں دھکے دیئے۔دوسری جانب ، اے این آئی نے اپنی ٹوئٹ میں نواز کے بھائی فیض صدیقی کے حوالے سے ایک خاتون کو دھکے دینے کو جھوٹ قرار دیا ہے۔