فیصل آباد میں 10 کروڑ روپے کی لاگت سے جدید ترین سینتھیٹک اتھلیٹکس ٹریک قائم کر نے کا فیصلہ

پیر 18 جنوری 2016 14:07

فیصل آباد میں 10 کروڑ روپے کی لاگت سے جدید ترین سینتھیٹک اتھلیٹکس ٹریک ..

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔18 جنوری۔2016ء)فیصل آباد میں 10 کروڑ روپے کی لاگت سے عالمی معیار کا جدید ترین سینتھیٹک اتھلیٹکس ٹریک فراہم کیا جارہا ہے جرمن ساخت کے پانچ ہزار مربع میٹر پر مشتمل یہ جدید اتھلیٹکس ٹریک شہباز شریف سپورٹس سٹیڈیم اینڈ پارک فردوس کالونی جھنگ روڈ میں بچھایا جارہا ہے جو آئندہ چھ ماہ کی مدت میں مکمل کر لیا جائے گا ۔

اس منصوبے کا باقاعدہ سنگ بنیاد صوبائی وزیر قانون رانا ثناء الله خاں نے رکھا ۔ ڈی سی او نور الامین مینگل ‘پاکستان اتھلیٹکس فیڈریشن کے صدر جنرل ( ر) اکرم ساہی حلقہ پی پی 70 کے چیئرمین ‘ وائس چیئرمین ‘ کونسلرز‘ سیاسی کارکن اور علاقہ کے لوگ بڑی تعداد میں اس موقع پر موجود تھے ۔ صوبائی وزیر قانون رانا ثناء الله خاں نے 131 کنال وسیع اراضی پر مشتمل شہباز شریف سپورٹس سٹیڈیم اینڈ پارک میں جدید ترین سینتھیٹک اتھلیٹکس ٹریک کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اربوں روپے مالیت کی 131 کنال اراضی سپورٹس سٹیڈیم کے لئے فراہم کی جس میں دنیا کا جدید ترین سینتھیٹک اتھلیٹکس ٹریک بچھانے کا منصوبہ ممکن ہوا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کثیر المقاصد سپورٹس سٹیڈیم میں نوجوان کو اتھلیٹکس کے مختلف ایونٹس کی جدید ترین سہولیات کے علاوہ کرکٹ اور ہاکی سمیت کئی دیگر کھیلوں کے گراؤنڈز بھی میسر آئیں گے ۔ انہوں نے منصوبہ کی پائیدار تکمیل اور جامع حکمت عملی کے تحت بروئے کار لانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس سپورٹس سٹیڈیم سے بھر پور فائدہ اٹھاتے ہوئے نوجوان کو کھیلوں کی جانب راغب کیا جائے کیونکہ عالمی معیار کی ان سہولتوں کی بدولت ان کی صلاحتیوں کو پروان چڑھا کر قومی اور بین الاقوامی مقابلوں میں جوہر دکھانے کے قابل بنایا جا سکتا ہے ۔

اس موقع پر ۔پاکستان اتھلیٹکس فیڈریشن کے صدر جنرل ( ر ) اکرم ساہی نے کہا کہ وہ اتھلیٹکس کے قومی و بین الاقوامی مقابلوں میں حصہ لیتے رہے ہیں اور نوجوانوں کو اتھلیٹکس کی جدید ترین سہولیات فراہم کرنا انکا خواب تھا جو کہ اس منصوبے کی صورت میں پورا ہوا ہے انہوں نے انٹرنیشنل معیار کے جدید ترین سینتھیٹک اتھلیٹکس ٹریک کے منصوبے کے قیام اور اسکے تکینکی و فنی امور کی تکمیل کے لئے ڈی سی او نور الامین مینگل کی کاوشوں کو سراہا ۔

ڈی سی او نور الامین نے منصوبے کے بارے میں بریفنگ دیے ہوئے کہا کہ سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کے زیر اہتمام جدید ترین اتھلیٹکس ٹریک اگرچہ 10 کروڑ روپے کا منصوبہ ہے لیکن یہ اتھلیٹکس کے فروغ کے لئے ایک قابل قدر ادارہ ہو گا جو کہ پاکستان میں جرمن ساخت کا پہلا ٹریک ہے ۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد کی دھرتی کے نوجوانوں میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے جسے پروان چڑھانے کے لئے کھیلوں کی وسیع سہولتوں کی فراہمی کا مشن جاری ہے ۔ انہوں نے منصوبے کی کامیابی کے لئے صوبائی وزیر قانون رانا ثناء الله خاں کی بھر پور معاونت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ جنرل ( ر ) اکرم ساہی کی ماہرانہ معاونت سے منصوبے کی افادیت میں مزید اضافہ ہو گا ۔