صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ لاقانونیت کا مظاہرہ کر رہے ہیں انجینئر یاسر گیلانی

پیر 18 جنوری 2016 15:34

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔18 جنوری۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما انجینئر یاسر گیلانی نے صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ کا تحریک انصاف کے رہنماؤں کے خلاف توہین آمیز رویے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ میاں برادران نے وزیر قانون کو لاقانونیت کا مظاہرہ کرنے کی کھلی چھوٹ دے رکھی ہے جو آئے روز کوئی نہ کوئی چٹکلا چھوڑ دیتے ہیں عمران خان ایک مقبول عوامی سیاسی جماعت کے چیئرمین ہیں تحریک انصاف کے کارکن عمران خان کے خلاف ہتک آمیز رویہ کسی صورت برداشت نہیں کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن رانا ثناء اللہ کو وزیر قانون کی بجائے وزیر مراثیات بنا دیں کیونکہ یہ عہدہ ان پر خوب جچے گا۔ رانا ثناء اللہ کا مسخرہ پن مسلم لیگ ن کو لے دوبے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت عوام کے مسائل پر توجہ دینے کی بجائے ادھر اُدھر کے مسائل میں الجھی ہوئی ہے اورنج ٹرین جیسے بے کار منصوبوں پر قوم کے اربوں روپے برباد کرنے والے حکمرانوں نے عوام کو بنیادی سہولتوں سے محروم رکھا ہو اہے اس وقت پنجاب میں عوام مہنگائی ،بد امنی ،بے روزگاری ،لوڈشیڈنگ کی وجہ سے تنگ آئے ہوئے ہیں۔ پوری حکومتی مشینری کہیں نظر نہیں آ رہی صوبے میں چوروں اور ڈاکوؤں کا راج ہے۔