ایران،سعودی عرب کشیدگی کم کرانے کیلئے ثالثی کا کردار ادا کرنے میں کامیاب ہو ں گے ، ایاز صادق

پیر 18 جنوری 2016 15:39

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔18 جنوری۔2016ء) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہاہے کہ پاکستان ،ایران اور سعودی عرب کے درمیان کشیدگی کم کرانے کیلئے ثالثی کا کردار ادا کرنے میں کامیاب ہوجائے گا ،مسلم لیگ( ن) کی حکومت عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنے کیلئے دن رات ایک کیے ہوئے ہے اورآئندہ انتخابات میں عوام کی عدالت میں سر خرو ہونگے ، پارٹی کے کارکن ہمار اثاثہ ہیں انہیں ہر طرح کی مشاورت میں اہمیت دی جائے گی۔

ان خیالات کااظہارانہوں نے اسلا م پورہ میں لیگی رہنمائسید عظمت کی رہائش گاہ پر منعقد ہ کارکنوں سے تعارفی نشست خطا ب کرتے ہوئے کیا۔۔ سردار ایاز صادق نے کہاکہ کارکنان ہر جماعت کی ریڑھ کی ہڈی ہوتے ہیں لیگی کارکنان نے پارٹی کا ہر اچھے اور برے وقت میں ساتھ دیا اور پارٹی پر جب بھی مشکل وقت آیاتو کارکنان پارٹی کے ساتھ کھڑے ہوئے اور انہی لیگی کارکنان کی وجہ سے مسلم لیگ (ن) کو تقویت ملی اور جماعت میں جدت آئی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پرویز مشرف کے دور میں کچھ لوگ کہتے تھے کہ مسلم لیگ (ن) ختم ہوگئی مگریہ انہی لیگی کارکنان کی وجہ سے جماعت میں جان آئی اور وہی جماعت آج اقتدار میں ہے۔ انہوں نے کہاکہ پارٹی کارکنان سے ملنا اور مشاورت کرنا بہت ضروری ہوتا ہے کیونکہ ان سے ملاقات کرنے سے ہی ان کو درپیش مسائل کا پتہ چلتا ہے۔ انہوں کہاکہ چےئرمین ، وائس چےئرمین اورکونسلر زکے منتخب ہونے سے ہمارے مسائل اور کافی حد تک حل ہونگے۔ انہوں نے کہا پاکستان ایران اور سعودی عرب کے درمیان کشیدگی کم کرانے کیلئے ثالثی کا کردار ادا کرنے میں کامیاب ہوجائے گا۔