محمد عامر کو بہترین باؤلر بننے کیلئے وقت لگے گا، دوسرے ٹی 20 میچ میں شکست ناقص بولنگ کی وجہ سے ہوئی، صادق محمد

پیر 18 جنوری 2016 15:57

محمد عامر کو بہترین باؤلر بننے کیلئے وقت لگے گا، دوسرے ٹی 20 میچ میں ..

لاہور۔18 جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔18 جنوری۔2016ء)سابق ٹیسٹ کرکٹر صادق محمد نے کہا ہے کہ پاک نیوزی لینڈ ٹی 20 میچز میں فاسٹ باؤلر محمد عامر کی بولنگ متاثر کن نہیں، انہیں ماضی کی طرح کی کارکردگی دکھانے کیلئے سمجھداری سے بولنگ کرنا ہوگی۔ پیر کو اے پی پی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ محمد عامر کی پانچ سال بعد کرکٹ میں واپسی ہوئی ہے اور انہیں ابھی بہترین باؤلر بننے کیلئے وقت لگے گا۔

محمد عامر نیوز ی لینڈ کے خلاف ٹی 20 میچز میں وکٹیں حاصل کرنے کیلئے زیادہ زور لگارہے ہیں جس کی وجہ سے انہیں کامیابی نہیں مل رہی انہیں چاہئے کہ وہ نارمل انداز میں سمجھداری سے بولنگ کریں اور گیند کو وکٹوں کے اندر رکھے تو انہیں زیادہ فائدہ ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ دوسرے ٹی 20 میچ میں پاکستان کو نیوزی لینڈ کے خلاف شکست ناقص بولنگ کی وجہ سے ہوئی۔

(جاری ہے)

پاکستان کے باؤلر زیادہ تر شارٹ پچ ڈلیوری کرتے رہے جس کی وجہ سے نیوزی لینڈ کے بلے بازوں کو ایل بی ڈبلیو اور بولڈ آؤٹ ہونے کا خطرہ نہیں تھا۔ کپتان شاہد آفریدی کی بولنگ بھی بہت ناقص تھی۔ بیٹنگ میں ابتدائی کھلاڑیوں نے اچھا سٹارٹ دیا لیکن بعد کے بلے باز بہتر کارکردگی نہ دکھا سکے اور پاکستان ایک بڑے ٹوٹل سے محروم ہوگیا۔ شاہد آفریدی اگر آخری اوور تک کھیلتے تو پاکستان مزید 20 رنز بنا لیتا۔

نیوزی لینڈ کی ٹیم نے بھی اچھی پرفارمنس کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی ٹیم کی بیٹنگ اور بولنگ نیوز ی لینڈ سے بہتر ہے۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم کی بولنگ زیادہ بہتر نہیں ہے۔ تیسرے ٹی 20 میچز میں قومی ٹیم کو بہتر بولنگ اور فیلڈنگ کا مظاہرہ کرنا ہوگا، میرے خیال سے تیسرے ٹی 20 میچ میں دونوں ٹیموں کے ففٹی ففٹی چانسز ہیں۔