این سی اے میں طلباء کے فن پاروں کی نمائش ، انسانی زندگی کو آسان کرنیوالی حیران کن اشیاء بناڈالیں

پیر 18 جنوری 2016 16:39

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18 جنوری۔2016ء)نیشنل کالج آف آرٹس کے شعبہ سرامکس ڈیزائن میں طلباء و طالبات کے بنائے گئے فن پاروں کی نمائش ہوئی جس میں طلباء نے انسانی زندگی کو آسان کرنے والی حیران کن اشیاء بناڈالیں۔

(جاری ہے)

علی ریحان نے مٹی سے ایسی اینٹیں ایجاد کی ہیں جو لیکچر تھیٹر، آڈیٹوریئم اور میوزیکل سٹوڈیو میں پیدا ہونے والی ناخوشگوار گونج کو کم کر تی ہیں اور باہر کے شور کو اندر آنے سے بہت حد تک روکتی ہیں ،طالبہ ثانیہ نوید نے ٹوٹے ہوئے واش بیسن کے چُورے اور سیمنٹ کے مرکب سے ایسی ٹائلیں ایجاد کی ہیں جو کہ بازار میں موجود ٹف ٹائل سے کہیں زیادہ دیدہ زیب ہیں اور بازار کی ٹف ٹائل سے کئی گنا سستی بھی ہیں۔

ایک اور طالبہ کلثوم محمود نے ایک قدیم بلوچی ساز جس کا نام سُرنا ہے اس کے سُروں میں حیرت انگیز اضافہ کیا ہے۔طالبہ نے اِس ساز کی شکل اور سُروں کی تعداد میں اضافہ کیا ہے ، اِس طالبہ کی ایجاد کی خاصیت یہ ہے کہ اس میں سے ایک خاص مٹی کی آواز پیدا ہوتی ہے جو کہ بانسری ، بیِن اور شہنائی کی آواز سے یکسر مختلف ہے اور اپنا ایک مسحور کن اثر رکھتی ہے ۔ مذکورہ ایجاد موسیقاروں کیلئے بہت ہی سہولت کا باعث ہے اور ان کے مختلف سازوں اور سُروں کے امتزاج میں بہت مددگار ثابت ہو گی ۔