بجلی وگیس کی لوڈشیڈنگ سے معمولات زندگی ٹھپ ہوکر رہ گئے ہیں‘ میاں مقصود احمد

مسائل اور بحرانوں کے باعث غریب عوام کیلئے زندگی بسر کرناایک چیلنج بن گیا ہے‘ امیر جماعت اسلامی پنجاب

پیر 18 جنوری 2016 17:58

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18 جنوری۔2016ء) امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے پہلے منگلہ،چشمہ پاور پلانٹ میں ٹرانسمیشن لائن ٹرپ اور اب گدوتھرمل پاورسٹیشن میں فنی خرابی کے باعث پنجاب،خیبرپختونخواہ،سندھ اور بلوچستان میں گھنٹوں بجلی کی سپلائی بند اور گیس کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ میں ہوشربااضافے پر تشویش کا اظہارکرتے ہوئے کہاہے کہ مختلف شہروں میں بجلی وگیس کی بندش کاسلسلہ جاری ہے۔

معمولات زندگی ٹھپ ہوکر رہے گئے ہیں۔لاہور سمیت قصور، شیخوپورہ، گوجرانوالہ، گجرات، ملتان، بہاولپوراور پنجاب کے دیگر اضلاع میں عوام سراپا احتجاج ہیں۔خواتین بچے،بوڑھے اور نوجوان ہاتھوں میں چولہے اور برتن اٹھا کر جگہ جگہ مظاہرہ کررہے ہیں مگر مقام افسوس ہے کہ حکمران ٹس سے مس نہیں ہورہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت عوامی مسائل کے حل پر توجہ دے۔

بجلی وگیس کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ سے جہاں ایک طرف عوام کو پانی کی قلت کا سامنا کرناپڑرہا ہے وہاں دوسری طرف غریب عوام کااپنی زندگی بسر کرناایک چیلنج بن گیا ہے۔امتحانات کاسلسلہ شروع ہونے والا ہے طلبہ کو اپنی تعلیم جاری رکھنے میں دشواری کاسامنا کرنا پڑرہا ہے۔موسم سرمامیں بجلی کی لوڈشیڈنگ16گھنٹے تک پہنچ چکی ہے جبکہ گیس میسر ہی نہیں ہے۔

میاں مقصود احمد نے مزیدکہاکہ وزارت پانی وبجلی سے متعلقہ حکام کی جانب سے یقین دھانی کے بیانات تو آتے رہتے ہیں لیکن قوم کو اس عذاب سے نجات دلانے کے لئے کوئی عملی اقدام نہیں کیاجارہا ۔انہوں نے اس حوالے سے مزیدکہاکہ 2013کے عام انتخابات میں لوگوں نے اس لئے مسلم لیگ(ن)کوووٹ دیا تھا کہ وہ عوام کو توانائی بحران سے نجات دلائے گی جس کاوہ اپنے انتخابی منشور میں قوم سے وعدہ بھی کرچکی ہے مگر اب جبکہ2016آگیا لوڈشیدنگ میں کمی کی بجائے اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔