سعودی عرب اور ایران کے تعلقات معمول پر نہ آئے تو مسلم دنیا کا شیرازہ بکھر جائے گا،پاکستان میں جمہوری تسلسل برقرار رہتا تو ہمارے ادارے بھی مضبوط ہوتے ، بار بار کے مارشل لاء سے ہم منزل سے دور ہو گئے، باہمی اختلافات ختم نہ کئے گئے تو ملک کو نقصان پہنچ سکتاہے،پختونخواہ ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی کاوکلاء سے خطاب

پیر 18 جنوری 2016 20:49

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔18 جنوری۔2016ء) پختونخواہ ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہسعودی عرب اور ایران کے تعلقات معمول پر نہ آئے تو مسلم ممالک کا شیرازہ بکھر جائے گا، اس سلسلے میں وزیراعظم اور آرمی چیف کی کوششیں خوش آئند ہیں، بھارت نے آزادی حاصل کرتے ہی اپنے اداروں کو مضبوط کیا ،مگر ہم ایسا نہ کر سکے‘اگر ملک میں جمہوری تسلسل برقرار رہتا تو ہمارے ادارے بھی مضبوط ہوتے‘ملک میں لگنے والے بار بار کے مارشل لاء سے ہم منزل سے دور ہوتے گئے ، باہمی اختلافات ختم نہ کئے گئے تو ملک کو نقصان پہنچ سکتا ہے،فوج اور حساس اداروں کو سیاست میں کوئی کردار نہیں ہو نا چاہیے۔

وہ سوموار کے روز لاہور ہائیکورٹ میں وکلاء سے خطاب کر رہے تھے جبکہ اس موقع پر لاہور ہائیکورٹ بار کے صدر پیر مسعود چشتی سمیت دیگر عہدیداران بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

محمود خان اچکزئی نے کہا کہ جمہوریت ،آزاد عدلیہ اور آئین کی حکمرانی سے ہی ملک کو یکجا رکھا جا سکتا ہے ،جھگڑے ناانصافی سے جنم لیتے ہیں ۔ پاکستانی فوج اور حساس ادارے دنیا میں سب سے بہتر ہیں اسی لئے چاہتے ہیں کہ سیاست میں فوج کا کوئی کردار نہ ہو ۔

بھارت نے آزادی حاصل کرتے ہی اپنے اداروں کو مضبوط کیا ،مگر ہم ایسا نہ کر سکے۔اگر ملک میں جمہوری تسلسل برقرار رہتا تو ہمارے ادارے بھی مضبوط ہوتے۔ملک میں لگنے والے بار بار کے مارشل لاء سے ہم منزل سے دور ہوتے گئے۔ باہمی اختلافات ختم نہ کئے گئے تو ملک کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام ادارے آئین اور قانون کے دائرہ اختیار میں رہ کر فیصلے کریں اور ہر مسئلے کے لئے پارلیمنٹ سے رجو ع کیا جائے تو ہم جلد منزل پر پہنچ جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اور ایران کے تعلقات معمول پر نہ آئے تو مسلم ممالک کا شیرازہ بکھر جائے گا اس سلسلے میں وزیراعظم اور آرمی چیف کی کوششیں خوش آئند ہیں۔