ویسٹ انڈین جار حانہ بلے باز کرس گیل نے تیز ترین ٹی ٹوئنٹی ففٹی کا ریکارڈ برابر کردیا

بلے باز نے بگ بیش میں2 چوکوں اور 7 چھکوں کی مدد سے 12 گیندوں پر ففٹی بنا کریوراج سنگھ کا ریکارڈ برابرکردیا

پیر 18 جنوری 2016 20:54

ویسٹ انڈین جار حانہ بلے باز کرس گیل نے تیز ترین ٹی ٹوئنٹی ففٹی کا ریکارڈ ..

میلبورن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔18 جنوری۔2016ء) ویسٹ انڈیز کے مشہور آل راؤنڈر کرس گیل نے آسٹریلیا کے ڈومیسٹک ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ بگ بیش میں میلبورن رینیگیڈز کی جانب سے جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے تیز ترین نصف سنچری کا ریکارڈ برابرکردیا۔میلبورن میں کھیلے گئے بگ بیش کے میچ میں ایڈیلیڈ اسٹرائیکرز نے کرس گیل کی ٹیم کو جیت کے لیے 171 رنز کا ہدف دیا تھا جس کے تعاقب میں گیل نے جارحانہ آغاز فراہم کیا۔

(جاری ہے)

کرس گیل نے دو چوکوں اور 7 چھکوں کی مدد سے 12 گیندوں پر جارحانہ 50 رنز بنا کرٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں ہندوستان کے یوراج سنگھ کی جانب سے تیز ترین نصف سنچری بنانے کا ریکارڈ برابرکردیا۔کرس گیل نے اسٹرائیکرز کے فاسٹ باؤلر گریگ ویسٹ کو 4 چھکے، بین لافلن کو 2 چھکے اور ایک چوکا جبکہ ٹریویس ہیڈ کو ایک چھکا رسید کیا۔یوراج سنگھ نے 19 ستمبر 2007 کو انگلینڈ کے خلاف ڈربن میں 12 گیندوں پر نصف سنچری بنا کر ریکارڈ قائم کیا تھا جس میں اسٹورٹ براڈ کے ایک اوور میں لگائے گئے 6 چھکے بھی شامل ہیں، وہ اپنی اننگز میں 6 چھکے اور 3 چوکے لگانے میں کامیاب ہوئے تھے