جوکووچ، راجر فیڈرر اور ماریہ شراپوا نے آسٹریلین اوپن کا پہلا مرحلہ عبور کر لیا

پیر 18 جنوری 2016 22:19

جوکووچ، راجر فیڈرر اور ماریہ شراپوا نے آسٹریلین اوپن کا پہلا مرحلہ ..

میلبورن ۔ 18 جنوری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔18 جنوری۔2016ء) نویک جوکووچ، راجر فیڈرر، ماریہ شراپووا اور اگنیسکا راڈونسکا نے آسٹریلین اوپن کا پہلا مرحلہ عبور کر لیا۔ گزشتہ روز سال کے پہلے گرینڈ سلیم آسٹریلین اوپن کا آغاز ہوگیا ہے۔ مینز سنگلز مقابلوں کے ابتدائی راؤنڈ میں عالمی نمبر ایک سربیا کے نوویک جوکووچ نے کوریا کے ہیون چینگ کو سٹریٹ سیٹس میں شکست دی، ان کی جیت کا سکور 6-3 ، 6-2 اور 6-4 رہا۔

عالمی نمبر تین سوئٹزرلینڈ کے راجر فیڈرر نے جارجیا کے نکولس بیسلاشولی کو 6-2 ، 6-1 اور 6-2 سے شکست دے کر دوسرے راؤنڈ کیلئے کوالیفائی کیا۔ فرانس کے جوولفریڈ سونگا، آسٹریلیا کے نک کرگیوس، اٹلی کے آندریس سیپی، سپین کے روبرٹو بوٹسٹا، امریکا کے ڈینس کڈلا، بلغاریہ کے گریگور دمتروف، ارجنٹائن کے پیبلو شاویز اور سربیا کے ڈوسان لاجووچ نے بھی اپنے اپنے میچ جیت کر دوسرے راؤنڈ کیلئے کوالیفائی کر لیا۔

(جاری ہے)

ویمنز سنگلز مقابلوں میں عالمی نمبر پانچ روس کی ماریہ شراپووا نے جاپان کی ناؤ ہبینو کو بآسانی 6-1 اور 6-3 سے شکست دی۔ عالمی نمبر چار پولینڈ کی اگنیسکا راڈونسکا نے امریکا کی کرسٹینا میک ہیل کو سٹریٹ سیٹس میں شکست دی، ان کی جیت کا سکور 6-2 اور 6-3 رہا۔ کینیڈا کی ایگوئن بکارڈ نے الیگزینڈرا کرنچ، روس کی سوتیلانہ کزنیٹسوا نے سلواکیہ کی ڈینیلا ہینچوا اور اٹلی کی روبرٹا ونچی نے آسٹریا کی تمیرا پازیک کو شکست دی اور دوسرے راؤنڈ کیلئے کوالیفائی کیا۔ ڈنمارک کی کیرولین وزنیاکی، آسٹریلیا کی سمینتھا سٹوزر اور جرمنی کی اینڈریا پیٹکووچ پہلے راؤنڈ میں شکست کے بعد ایونٹ سے باہر ہوگئیں۔