پشاور ،کارخانو مارکیٹ میں خاصہ دار چیک پوسٹ کے قریب خودکش دھما کہ،10افراد جاں بحق، 20سے زائد زخمی

منگل 19 جنوری 2016 11:49

پشاور ،کارخانو مارکیٹ میں خاصہ دار چیک پوسٹ کے قریب خودکش دھما کہ،10افراد ..

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔19 جنوری۔2016ء) پشاور کی کارخانو مارکیٹ میں خاصہ دار چیک پوسٹ کے قریب خودکش دھماکے سے10افراد جاں بحق جبکہ 20سے زائد زخمی ہوگئے‘ زخمیوں میں کئی افراد کی حالت تشویشناک ہے جس سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے‘ دھماکے سے قریب ہی واقع پولیس کی چیک پوسٹ کو بھی شدید نقصان پہنچا،صدرمملکت ممنون حسین ،وزیراعظم میاں نوازشریف ،تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان ،وزیراعلی خیبرپختونخواہ پرویز خٹک سمیت سیاسی وسماجی رہنماوٴں نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے ہلاکتوں پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہار کیا ۔

تفصیلات کے مطابق منگل کی صبح کوپشاور کی کارخانو مارکیٹ میں خاصہ دار چیک پوسٹ کے قریب خودکش دھماکے سے10افراد جاں بحق جبکہ 20سے زائد زخمی ہوگئے‘ زخمیوں میں کئی افراد کی حالت تشویشناک ہے جس سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

(جاری ہے)

خاصہ دار چیک پوسٹ کے قریب زور دار دھماکہ ہوا جس کے بعد ہر طرف انسانی اعضاء بکھر گئے۔ ذرائع کے مطابق دھماکے میں لائن آفیسر نواب شاہ کو نشانہ بنایا گیا ۔

دھماکے کے بعد زخمیوں کو حیات آباد میڈیکل کمپلیکس منتقل کردیا گیا جبکہ حیات آباد کمپلیکس میں ایمرجنسی نافذ کرکے ڈاکٹرز اور دیگر عملہ کو بلا لیا گیا۔ دھماکے کے بعد پولیس کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور سرچ آپریشن شروع کردیا،جاں بحق ہونے والوں میں خاصہ دار فورس کے 2 اہلکار اور ایک کم سن بچہ بھی شامل تھا۔واقعے کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا جب کہ دھماکے کے بعد پاک افغان شاہراہ بھی عارضی طورپربند کردی گئی ۔ سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ شواہد کی روشنی میں ایسا لگتا ہے کہ دھماکا خیز مواد کو موٹر سائیکل میں نصب کیا تھا جسے ریموٹ کنٹرول کی مدد سے اڑایا گیا ۔

متعلقہ عنوان :