اداکارہ وماڈل ریجا علی کی بڑی اسکرین پرانٹری دینے کی تیاری

منگل 19 جنوری 2016 12:06

اداکارہ وماڈل ریجا علی کی بڑی اسکرین پرانٹری دینے کی تیاری

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔19 جنوری۔2016ء) ٹی وی کی معروف اداکارہ وماڈل ریجا علی نے بڑی اسکرین پرانٹری دینے کی تیاری شروع کردی۔کراچی میں بننے والی بہت سی فلموں میں انھیں اہم کرداروں کی پیشکش ہوچکی ہیں لیکن کہانی کے موضوع اورکردارکی وجہ سے تاحال انھوں نے کوئی پروجیکٹ سائن نہیں کیا تھا لیکن اب کراچی کے ایک معروف پروڈکشن ہاوٴس کی جانب سے انھیں فلم میں اہم کردار کی پیشکش ہوئی ہے، جس کے حوالے سے جلد ہی مثبت نتائج سامنے آنے کا امکان ہے۔

اپنے ایک انٹرویو میں ریجا علی نے بتایا کہ بڑی اسکرین پرکام کرنا واقعی اعزازکی بات ہے ۔مجھے اس حوالے سے بہت سے آفرزہوچکی ہیں مگرجس طرح کے کردارمیں ادا کرنا چاہتی ہوں ، اس طرح کا ایک بھی کردارمجھے نہیں ملا ، جس کی وجہ سے فلم سے دور رہی ہوں۔

(جاری ہے)

اس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے مخالفین نے یہ پراپیگنڈہ بھی کیا کہ میں فلم انڈسٹری اوراس سے وابستہ لوگوں کوپسند نہیں کرتی اوراسی لیے ہربار ہونے والی آفرکو ٹھکرا دیتی ہوں ۔

یہ بالکل غلط تھا اوراس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ بطوراداکارہ میں وہی کام کرتی ہوں جو مجھے پسند آئے ۔ کیونکہ میرے نزدیک ہمیشہ سے ہی تعداد کے بجائے کوالٹی زیادہ اہمیت رکھتی ہے۔ میں نے ٹی وی پربھی جوکام کیا وہ سب کے سامنے ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان میں جدید ٹیکنالوجی سے فلمسازی کا عمل جاری ہے اور انٹرنیشنل معیارکی فلمیں بن رہی ہیں۔

لیکن مجھے صرف وہی کردار متاثر کرسکتے ہیں جن کواداکرتے ہوئے میں اپنی صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کرسکوں ۔ اس سلسلہ میں ایک معروف پروڈکشن ہاوٴس نے مجھے حال ہی میں ایک فلم میں کام کرنے کی پیشکش کی ہے ۔میں اس حوالے سے دوملاقاتیں بھی کرچکی ہوں اورامید ہے کہ میرے چاہنے والوں کو اس بارے میں اچھی خبرمل سکے گی۔ میرے چاہنے والوں کی بڑی تعداد مجھے سلوراسکرین پردیکھنا چاہتی ہوں اورمیں نے ان کی خواہش کوپوراکرنے کے لیے بھرپورتیاری شروع کردی ہے ، تاکہ میں جب بڑی اسکرین پردکھائی دوں تولوگوں کی امیدوں پرپورا تروں۔