لیونارڈو ڈی کیپریو روسی صدر کاکردار ادا کرنے کے خواہشمند

منگل 19 جنوری 2016 12:06

لیونارڈو ڈی کیپریو روسی صدر کاکردار ادا کرنے کے خواہشمند

ماسکو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔19 جنوری۔2016ء)لیونارڈو ڈی کیپریو ہالی ووڈ میں کئی جاندار کردار ادا کر چکے ہیں لیکن اب وہ روسی صدر ولادمیر پوٹن کا بڑا کردار ادا کرنے کے خواہش مند ہیں۔اپنی نئی فلم ’دی ریویننٹ کی تشہیر کے مقصد سے ایک جرمن روزنامہ کو انٹرویو دیتے ہوئے ڈی کیپریو نے متنازع روسی صدر کو ’ انتہائی انتہائی دلچسپ قرار دیتے ہوئے کہا وہ ان کا کردار ادا کرنا پسند کروں گا۔

میرے خیال میں روسی تاریخ پر مزید فلمیں بننی چاہیئں کیونکہ اس میں شیکسپیئر جیسے معیار کی کئی کہانیاں موجود ہیں۔یہ کسی بھی اداکار کیلئے دلچسپ ہو سکتا ہے۔لینن کا کردار بھی دلچسپ ہے، میں راس پیوٹن جیسے سٹار کا کردار بھی ادا کرنا چاہوں گا۔ڈی کیپریو کو براہ راست روسی صدر کی شخصیت کے مطالعہ کا موقع مل چکا ہے۔

(جاری ہے)

دونوں شخصیات 2010، سینٹ پیٹرز برگ میں معدوم ہوتے سائبیرین ٹائیگرز سے متعلق ایک کانفرنس میں ملاقات کر چکے ہیں۔

ڈی کیپریو نے اخبار کو بتایا کہ ان کی فاوٴنڈیشن شیروں کے تحفظ کیلئے جاری مختلف منصوبوں کی مالی معاونت کرتی ہے۔’ ملاقات کے دوران پوٹن اور میں نے صرف جانوروں پر بات کی، ناکہ سیاست پر‘۔پانچ مرتبہ آسکر ایوارڈز کیلئے نامزد ہونے والے ڈی کیپریو اس مرتبہ اپنی فلم ’دی ریویننٹ‘ کی وجہ سے یہ ایوارڈ جیتنے کے مضبوط امید وار ہیں۔