سابق فیفا صدر سیپ بلاٹر کے معطلی کے باوجود تنخواہ لینے کا انکشاف

منگل 19 جنوری 2016 12:27

سابق فیفا صدر سیپ بلاٹر کے معطلی کے باوجود تنخواہ لینے کا انکشاف

زیورخ (اردو پوا ئنٹ تازہ ترین اخبار19جنوری- 2016ء) فیفا کے سابق صدر سیپ بلاٹر کے بارے میں انکشاف ہوا ہے کہ وہ معطلی کے باوجود تنخواہ وصول کررہے ہیں ۔ غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق فیفا کی آڈٹ کمیٹی کے ترجمان نے بتایا کہ فٹ بال کی عالمی تنظیم کے سابق سربراہ سیپ بلاٹر جنہیں آٹھ سال کے لیے معطل کیا گیا ہے ، اب بھی تنظیم کے سربراہ کی حیثیت سے ملنے والی تنخواہ وصول کررہے ہیں ۔

(جاری ہے)

گزشتہ سال فیفا نے پہلے انہیں 90 روز کے لیے معطل کیا تھا اور پھر کرپشن سکینڈل ثابت ہونے پر انہیں 8 سال کے لیے معطل کردیا تھا ۔ ترجمان کے مطابق فیفا کے سابق صدر کو تنخواہ کی ادائیگی 26 فروری کو نئے صدر کے انتخاب تک جاری رہے گی اور اس طرح بلاٹر معطل ہونے کے باوجود 5 ماہ کی تنخواہ وصول کریں گے ۔ آڈٹ کمیٹی کے مطابق وہ بلاٹر کو دی جانے والی دیگر مراعات تو روک سکتے ہیں تاہم معاہدے کے تحت وہ انہیں تنخواہ لینے سے نہیں روک سکتے ۔